• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

انٹرپول کو سیف علی خان کی تلاش کیوں؟

شائع August 30, 2018
اداکار پر شکار کے معاہدے کے مکمل پیسے ادا نہ کرنے کا الزام ہے—فائل فوٹو زی نیوز
اداکار پر شکار کے معاہدے کے مکمل پیسے ادا نہ کرنے کا الزام ہے—فائل فوٹو زی نیوز

جرائم کی روک تھام کے لیے عالمی پولیس یعنی انٹرپول گزشتہ چند کچھ عرصے سے بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان کی تلاش میں ہے اور ایک کیس میں ان کا بیان ریکارڈ کرنا چاہتی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ انٹرپول نے بھارت کی پولیس کو دوبارہ نوٹس بھیجا ہے کہ وہ سیف علی خان کا بیان ریکارڈ کرکے عالمی پولیس کو بھیجے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انٹرپول نے ممبئی پولیس کو دوسری مرتبہ نوٹس بھیج کر سیف علی خان کا بیان طلب کیا ہے۔

اس سے قبل ممبئی پولیس نے انٹرپول سے سیف علی خان کے بیان کے لیے مہلت مانگی تھی اور کہا تھا کہ اداکار اس وقت ملک سے باہر شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

رپورٹ کے مطابق انٹرپول کو 5 سال پرانے شکار کیس میں سیف علی خان کے بیان کی ضرورت ہے، جس کے لیے عالمی پولیس کو یورپی ملک بلغاریہ کے ایک فرم نے درخواست دی تھی۔

سیف علی خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 5 سال قبل 2013 میں ساتھیوں سمیت رومانیہ میں جنگلی سور کا شکار کرنے کے لیے جو معاہدہ کیا تھا اس پر انہوں نے عمل نہیں کیا۔

اداکار پر الزام ہے کہ انہوں نے شکار کی اجازت دلانے والی بلغاریہ کی فرم کو شکار کے معاہدے کی مکمل رقم ادا نہیں کی۔

رپورٹ میں ممبئی پولیس کے ایک افسر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیف علی خان کو 24 ہزار یورو کے عوض نایاب جنگی سور کے شکار کی اجازت دی گئی تھی، تاہم انہوں نے بلغاریہ کی فرم کو محض 14 ہزار یورو ادا کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے صرف سیف علی خان کو چھوڑ کر سلمان خان کو ہی کیوں سزا دی؟

افسر کے مطابق اس وقت سیف علی خان نے فرم کو کہا تھا کہ وہ بھارت جاکر ایجنٹ کے اکاؤنٹ میں پیسے منتقل کردیں گے، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

5 سال گزر جانے کے باوجود بھی سیف علی خان کی جانب سے بقایا رقم ادا نہ کیے جانے پر بلغاریہ کی فرم نے اداکار کے خلاف انٹرپول میں درخواست دی تھی، جس پر عالمی پولیس نے ممبئی پولیس کو اداکار کا ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

تاہم ممبئی پولیس نے سیف علی خان کا ریکارڈ انٹرپول کو فراہم نہیں کیا، جس کے بعد عالمی پولیس نے ایک بار پھر بھارتی پولیس کو اداکار کا بیان پیش کرنے کے لیے نوٹس بھیج دیا ہے۔

خیال رہے کہ سیف علی خان پر خود بھارت میں بھی کئی سال تک نایاب کالے ہرن کا شکار کرنے کا کیس ریاست راجستھان کے شہر جودھپور کی عدالت میں چلتا رہا۔

اس کیس میں سیف علی خان کے علاوہ سلمان خان، اداکارہ تبو، سونالی باندے اور دیگر 3 اداکار بھی شامل تھے۔

تاہم عدالت نے رواں برس اپریل میں عدم ثبوت کی بناء پر سیف علی خان سمیت اداکاروں کو بری کرتے ہوئے صرف سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

بعد ازاں سلمان خان کو بھی ضمانت پر آزاد کردیا گیا، تاہم ان کے خلاف یہ کیس جودھپور کی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور وہ ضمانت پر آزاد ہیں، عدالت نے انہیں اجازت کے بغیر بھارت سے باہر جانے سے بھی روک رکھا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024