• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

عامر لیاقت تحریک انصاف سے خفا، مرکزی واٹس گروپ چھوڑ دیا

شائع August 29, 2018

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر لیاقت کی پارٹی رہنماؤں سے تلخیاں شدت اختیار کر گئیں جس پر خفا ہو کر انہوں نے پارٹی کا مرکزی واٹس ایپ گروپ بھی چھوڑ دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر لیاقت نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں نہ بلائے جانے پر پاکستان تحریک اںصاف سے ناراضگی کا اظہار کیا اور آج بھی پارٹی رہنماؤں سے تلخی پر واٹس ایپ گروپ چھوڑ دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے واٹس ایپ گروپ کا اسکرین شاٹ بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے جس میں 'عامر لیاقت لیفٹ' لکھا ہوا نظر آرہا ہے۔

سوشل میڈیا اسکرین شاٹ
سوشل میڈیا اسکرین شاٹ

رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کا آفیشل واٹس ایپ گروپ چھوڑنے سے قبل انہوں نے ایک وائس نوٹ بھی جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ 'شور مچایا تو مجھے پارٹی ٹکٹ ملا، شور مچایا تو میرا نمبر بھی مل گیا۔'

عامر لیاقت حسین نے پارٹی رہنماؤں شہزاد قریشی اور سدرہ عمران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'ابھی مجھ سے گورنر صاحب نے بات کی ہے، میرا نمبر سب کے پاس ہے لیکن مجھے کل نہیں بلایا گیا، میرا نمبر کیسے آگیا چونکہ میں نے شور مچایا تھا۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'اللہ نے جو ہمیں عزت دی ہے اسے اپنے ہاتھوں سے مت خراب کریں، یہ عزت بار بار اس طرح نہیں ملے گی۔'

انہوں نے مزید کہا کہ 'یہ چودہ، پندرہ سیٹیں آگئیں ہیں اگر اپنے ہی لوگوں کے ساتھ زیادتی کریں گے تو پھر سب کے لیے مسائل کھڑے ہوجائیں گے۔'

مزید پڑھیں: عامر لیاقت عمران خان سے خفا، پی ٹی آئی پر برس پڑے

عامر لیاقت نے مزید کہا کہ 'بجائے اس کے کہ سب افسوس کا اظہار کریں کہ ہم نے اپنے رکن قومی اسمبلی کے ساتھ زیادتی کی ہے، آپ لوگ وضاحت دیئے جارہے ہیں، جب لسٹ گئی ہوئی تھی تو مجھے کیوں نہیں بلایا گیا۔'

دوسری جانب تحریک انصاف سندھ کے صدر شمیم نقوی نے عامر لیاقت حسین کی ناراضگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 'گورنر ہاؤس میں کوئی عشائیہ نہیں ہوا اور نہ ہی پارٹی نے عامر لیاقت کے ساتھ کوئی زیادتی کی ہے۔'

صدارتی انتخاب کے لیے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کا عامر لیاقت کی ناراضگی سے متعلق کہنا تھا کہ 'اس بات پر کوئی شبہ نہیں کہ ووٹ صرف بلے کو اور عمران خان کو ہی ملا ہے، اگر عامر لیاقت کو کوئی رنجش ہے تو وہ عمران خان سے رابطہ کریں۔'

عامر لیاقت کو منانے کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے عامر لیاقت کو راضی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کے تحفظات دور کر دیئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت پارٹی میں تھے، ہیں اور رہیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس سندھ میں نو منتخب گورنر عمران اسمٰعیل کی زیر صدارت کراچی کے وفاقی و صوبائی اراکین اسمبلیوں کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت 'نامناسب تصویر' پوسٹ کرنے پر تنازع کی زد میں

اجلاس کے دوران ہی عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ 'گورنر ہاؤس میں اس وقت کراچی کے تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز کا اجلاس جاری ہے لیکن مجھے نہیں بلایا گیا۔'

بعد ازاں وہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت پر برس پڑے اور کہا کہ 'کراچی والوں کی وجہ سے عمران خان وزیر اعظم بنے، اگر یہ نہ ہوتے تو عمران خان وزیر اعظم بھی نہ ہوتے۔'

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024