• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سرینا ولیمز نے اپنے لباس پر عائد پابندی پر خاموشی توڑ دی

شائع August 28, 2018 اپ ڈیٹ August 30, 2018
سرینا ولیمز نے تنگ لباس کو اپنی صحت کے لیے بہتر قرار دیا—فوٹو: ٹوئٹر
سرینا ولیمز نے تنگ لباس کو اپنی صحت کے لیے بہتر قرار دیا—فوٹو: ٹوئٹر

سابق عالمی نمبر ایک اور 23 مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپیئن امریکی ٹینس اسٹارسرینا ولیمز نے فرنچ اوپن انتظامیہ کی جانب سے اپنے لباس پر عائد کی گئی پابندی پر خاموشی توڑ دی۔

36 سالہ سرینا ولیمز پر کچھ دن قبل ہی فرنچ اوپن ٹینس کی انتظامیہ نے کیٹ سوٹ (انتہائی تنگ لباس) پہن کر ٹینس کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔

یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق فرنچ اوپن ٹینس فیڈریشن کے صدر برنارڈ گوشیلی نے کہا کہ سرینا ولیمز کو یہ سمجھنا ہوگا کہ پیرس ایک مہذب جگہ ہے، جہاں انتہائی تنگ لباس پہن کر ٹینس نہیں کھیلی جاسکتی۔

برنارڈ گوشیلی نے کہا کہ فرنچ اوپن کی جانب سے کھیل کے میدان کے لیے ڈریس کوڈ جاری کیا گیا جا چکا ہے، اس لیے اب سرینا ولیمز کو اسے اپنانا ہوگا۔

فرنچ فیڈریشن کے صدر کا کہنا تھا کہ سرینا ولیمز کا کیٹ سوٹ کے ساتھ فرنچ اوپن کے ٹینس کورٹ میں اترنا قابل قبول نہیں ہوگا۔

فرینچ اوپن انتظامیہ نے سرینا ولیمز پر کیٹ سوٹ پہن کر کھیلنے کی پابندی ایک ایسے وقت میں لگائی ہے جبکہ اس ایونٹ کے 121 ویں ٹائٹل کو منعقد ہوئے 2 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

سرینا ولیمز رواں برس جون میں ہونے والے فرنچ اوپن ٹینس میں کیٹ سوٹ پہن کر کورٹ میں اتری تھیں۔

سرینا ولیمز نے ایونٹ کے دوران سیاہ رنگ کا انتہائی تنگ لباس پہنا تھا، جسے کھیلوں کی مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی ‘نائیکی’ نے دیگر ڈیزائنرز کے اشتراک سے تیار کیا تھا۔

تاہم اب فرنچ اوپن ٹینس نے اس سوٹ کو پیرس کے ٹینس کورٹ کے لیے غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے اس کے پہننے پر پابندی عائد کردی ہے۔

فرنچ اوپن کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے کے بعد سرینا ولیمز نے اس فیصلے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فیڈریشن کے فیصلے پر عمل کریں گی۔

نشریاتی ادارے ای ایس پی این کے مطابق سرینا ولیمز نے ایک پریس کانفرنس کے دوران سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ وہ فیڈریشن کے فیصلے پر عمل کریں گی اور اس کیٹ سوٹ کو نہیں پہنیں گی، جسے پہننے سے ان کے بلڈ کلوٹ بہتر رہتے ہیں۔

سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ جب ایسے لباس فیشن بن جاتے ہیں، تب آپ ان پر پابندی عائد نہیں کرسکتے۔

علاوہ ازیں این بی سی نیوز کے مطابق سرینا ولیمز نے کیٹ سوٹ پہننے کا دفاع کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ وہ یہ تنگ لباس اس لیے پہنتی ہیں کیوں کہ وہ ماہرین صحت کے مشوروں کے بعد اپنے بلڈ کلوٹ کو محفوظ رکھنا چاہتی ہیں۔

یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق سرینا ولیمز نے یہ کیٹ سوٹ گزشتہ برس اپنی بچی کو جنم دینے کے بعد پہننا شروع کیا۔

رپورٹ کے مطابق سرینا ولیمز بچے کی ڈیلیوری کے دوران بلڈ کلوٹ کی قلت کا شکار ہوگئی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق سرینا ولیمز بلڈ کلوٹ کے مسائل سے بچنے کے لیے انتہائی تنگ لباس پہنتی ہیں، تاہم اب وہ فرنچ اوپن ٹینس میں اس سوٹ کے بغیر اتریں گی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سرینا ولیمز دیگر ٹینس ایونٹ میں اس سوٹ کو پہنیں گی یا نہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ فرنچ ٹینس میں اس سوٹ کے ساتھ نہیں اتریں گی۔

فرنچ ٹینس فیڈریشن کی جانب سے کیٹ سوٹ پر پابندی عائد کیے جانے پر کئی افراد اور اداروں نے امریکی ٹینس اسٹار کی حمایت کی اور فیڈریشن کے فیصلے کی مذمت بھی کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024