پیپلز پارٹی صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) صدارتی امیدوار کے لیے اپنے ہی پیش کردہ نام ’اعتزاز احسن‘ پر ڈٹ گئی ہے تاہم پارٹی کی جانب سے حتمی اعلان کیے جانے کا انتظار ہے۔
خیال رہے کہ صدرِ مملکت کے عہدے کی میعاد 8 ستمبر کو ختم ہو رہی ہے، جبکہ نئے مملکت صدر کے لیے 4 ستمبر کو انتخاب ہوگا۔
یہ دیکھیں: مشترکہ صدارتی امیدوار کے نام کا اعلان کل کر یں گے،احسن اقبال
اس حوالے سے بتایا گیا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعتزاز احسن کے علاوہ کسی دوسرے نام غور کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اعلیٰ قیادت کو آگاہ کردیا کہ ’صدارتی امیدوار کے لیے ان کے پاس 3 نام ہیں اور تینوں نام اعتزاز احسن، اعتزاز احسن اور اعتزاز احسن کے ہیں‘۔
دوسری جانب پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مشاورت کے لیے مرکزی قیادت کا اجلاس طلب کرلیا۔
اس ضمن میں کہا جارہا ہے کہ ’آصف علی زرداری از خود صدارتی امیدوار کے لیے امیدوار کا نام لینے سے گریزاں ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن میں صدارتی اُمیدوار کیلئے اختلافات برقرار
اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ 'میری کوشش ہوگی کہ آصف زرداری سے ملاقات کروں اور ان سے پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کا نام واپس لینے کی درخواست کروں۔'
بلاول بھٹو کے فیصلے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کو آگاہ کرنے کے لیے باقاعدہ اعلان ہونا باقی ہے۔
مزید پڑھیں: اے پی سی: اپوزیشن مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر متفق
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان کئی ملاقاتوں کے باوجود صدارتی امیدوار کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار رہا، جس کے بعد پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور معروف وکیل بیرسٹر اعتزاز احسن جبکہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عارف علوی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا جس کے بعد انہوں نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔