• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی گورنر بلوچستان نامزد

شائع August 25, 2018 اپ ڈیٹ August 26, 2018
—فوٹو:پی ٹی آئی
—فوٹو:پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق پارٹی چیئرمین اور وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کر دیا ہے۔

قبل ازیں بلوچستان پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے بھائی محمد خان اچکزئی 2013 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی حکومت بننے کے بعد صوبے کے گورنر بن گئے تھے۔

پی ٹی آئی نے 25 جولائی 2018 کو انتخابات میں ملک بھر میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وفاقی حکومت تشکیل دی تھی اور دیگر تینوں صوبوں میں پارٹی کے سرگرم رہنماؤں کو گورنر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

بلوچستان عوامی پارٹی نے پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر صوبے میں حکومت بنانے کا فیصلہ کیا تھا اور جام کمال کو نیا وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا تھا۔

گورنر بلوچستان کا فیصلہ سب سے آخر میں کیا گیا ہے جبکہ نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل 27 اگست اور نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور 28 اگست کو اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے نامزد گورنر ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی میڈیکل کے شعبے میں بطور چائلڈ اسپیشلسٹ 32 سالہ تجربہ رکھتے ہیں اور بولان میڈیکل کالج (بی ایم سی) کوئٹہ میں ڈھائی سال بحیثیت رجسٹرار فرائض انجام دیے ہیں۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو نے 2015 میں کوئٹہ کڈنی سینٹر کے اس وقت کے سربراہ ڈاکٹرامیر جوگیزئی کے خلاف انکوائری شروع کی تھی۔

نیب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرامیر جوگیزئی نے مبینہ طور پر طبی آلات کی خریداری اور کڈنی سینٹر کے فنڈز کے اجرا میں ہیراپھیری کی جس سے قومی خزانے کو 6 کروڑ 10 لاکھ کا نقصان ہوا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرامیر محمد خان جوگیزئی کے بڑے بھائی سردار گل محمد خان جوگیزئی 1991 سے 1994 تک بلوچستان کے گورنر رہ چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024