• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وفاقی حکومت کی بیوروکریسی میں تبدیلیاں

شائع August 25, 2018

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اعلیٰ سطح کی بیوروکریسی میں محکموں اور عہدوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پرانے چہروں کو ہی نئی ذمہ داریاں سونپ دیں۔

اس ضمن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹِفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) میں تعینات 22 گریڈ کے افسر اعجاز منیر جو سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن تعینات تھے، کو اسٹیبلشمنٹ سیکریٹری مقرر کردیا گیا۔

تاہم ان کے ماتحت افسر اورنگزیب حق کے بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج میں بڑے پیمانے پر اعلیٰ عہدوں پر تبادلے

اس کے علاوہ اِن لینڈ ریونیو سروس کے افسر طارق محمود پاشا کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں وزارت شماریات سے وزارت کشمیر اور شمالی علاقہ جات (کے اے این اے) میں تعینات کردیا گیا۔

انہی تبدیلیوں کے تحت وزارت کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں تعینات 22 گریڈ کے افسر محمد ایوب شیخ کا تبادلہ کرتے ہوئے سیکریٹری شماریات ڈویژن کا عہدہ دے دیا گیا۔

ادھر پی اے ایس کے ایک اور 22 گریڈ کے افسر ثاقب عزیز جو کیپِٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ ڈویژن کے سیکریٹری تھے انہیں ایوی ایشن سیکریٹری کے عہدے پر تعینات کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: صدر، وزیراعظم، ایم این ایز کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کی منظوری

دوسری جانب پی اے ایس کے ہی ایک اور افسرمحمد جلال سکندر سلطان کا وزارتِ پیٹرولیم سے تبادلہ کرتے ہوئے اسٹیٹ اینڈ فرنٹیئر ریجن ڈویژن میں بطور سیکریٹری مقرر کردیا گیا۔

اس کے علاوہ پی اے ایس کے گریڈ 21 کے افسر جو خصوصی ذمہ داری پر تعینات تھے، انہیں وزارت پیٹرولیم میں قائم مقام ایڈیشنل سیکریٹری بنادیا گیا۔

خیال رہے کہ انہیں فیصلوں کے تحت خیبر پختونخوا حکومت میں اپنی ذمہ داریاں سر انجام دینے والے گریڈ 19 کے افسر محمد طارق کا تبادلہ کرتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس میں جوائنٹ سیکریٹری کا عہدہ دے دیا گیا۔


یہ خبر 25 اگست 2018 کوڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024