• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

روسی ہیکرز نے امریکی سینیٹ اور تھنک ٹینک پرحملہ کیا،مائیکروسافٹ

شائع August 23, 2018

واشنگٹن : مائیکرو سافٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ روسی حکومت سے منسلک ہیکرز امریکی سینیٹ اور تھنک ٹینک پر سائبر حملے کی کوششوں میں مصروف ہیں، ممکنہ طور پر نومبر میں امریکی کانگریس کے انتخابات سے قبل روس ان حملوں کا دائرہ کار وسیع کرسکتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے انہوں نے ان تمام 6 ویب سائٹس کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا جو ہیکرز نے سینیٹ اور تھنک ٹینک سے منسلک ویب سائٹس کو نقل کرکے بنائی تھیں۔

ان جعلی ویب سائٹس کو استعمال کرنے والے صارفین کو لاگ ان کے لیے معلومات درج کرنے کے احکامات جاری کیے جاتے ہیں۔

حالیہ ایکشن مائیکرو سافٹ کی جانب سے ہیکرز کو روکنے کی کوششوں کی کڑی ہے، جس سے متعلق اس کا کہنا ہے کہ ان ہیکنگ حملوں میں روسی حکومت ملوث ہے۔

مزید پڑھیں : امریکی انتخابات سے قبل روسی ہیکرز کی 4700 اکاؤنٹس ہیک کرنے کی کوشش

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ دو سال میں 84 جعلی ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کرکے انہیں بند کرچکی ہے۔

مائیکرو سافٹ کے صدر براڈ اسمتھ نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ’ ہمیں تشویش ہے کہ اس طرح کے حملے 2018 کے انتخاب میں امریکی سیاسی جماعتوں سے منسلک گروہوں کے لیے سیکیورٹی خدشات کا باعث بن سکتے ہیں۔

مائیکروسافٹ کا کہناہے کہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں کہ ان ویب سائٹس کا کنٹرول حاصل کرنے سے قبل ہیکرز صارفین کی معلومات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے یا نہیں.

دوسری جانب کریملن نے مائیکروسافٹ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے پاس الزامات کو ثابت کرنے کے لیے ثبوت نہیں ہیں۔

روس نے بارہا امریکی الیکشن اور سیاسی رائے پر اثر انداز ہونے کے لیے ہیکرز استعمال کرنے کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔

کریملن کے ترجمان مٹری پیسکوو نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم نہیں جانتے یہ کن ہیکرز سے متعلق بات کررہے ہیں ۔’ ہم سمجھ نہیں پارہے کہ وہ کن ثبوتوں کی بنیاد پر ایسے نتائج تک پہنچ رہے ہیں۔‘

مائیکروسافٹ نے بتایا کہ اہداف میں انٹرنیشنل پبلک انسٹیٹیوٹ کے ری پبلکن بورڈ رکن ایروزونا کے سینیٹر جان میککن شامل ہیں، جنہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے روس سے تعلقات پر تنقید کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یاہو پر سائبر حملہ: دو روسی ایجنٹس پر فرد جرم عائد

مائیکرو سافٹ کے مطابق دوسرا نشانہ ہڈسن انسٹیٹیوٹ تھا جہاں سائبر سیکیورٹی کے موضوعات پر گفتگو ہوتی رہتی ہے۔

انہوں نے کلیپٹوکریسی ( کرپٹ حکمرانوں پر مبنی حکومت) کے بڑھتے ہوئے رجحان کا جائزہ لیا ہے اور روسی حکومت پر تنقید بھی کی ہے۔

کمپنی کے مطابق دیگر ویب سائٹس میں امریکی سینیٹ ویب سائٹ کی جعلی ویب سائٹ اور مائیکروسافٹ آفس سافٹ وئیر سوٹ شامل ہیں۔

مائیکرو سافٹ کی اس رپورٹ نے ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان نومبر میں ہونے والے مڈٹرم الیکشن سے متعلق تناؤ بڑھادیا ہے۔

دوسری جانب فیس بک کا کہنا ہے کہ اس نے گزشتہ ماہ امریکی ووٹ پر اثر انداز ہونے والے 32 جعلی پیجز اور اکاؤنٹس کو معطل کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024