• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

‘خاتون کو دھکا نہیں دیا، وہ گلے پڑگئی تھیں‘

شائع August 23, 2018

راولپنڈی: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ’کسی خاتون سے بدسلوکی نہیں کی، وہ میرے گلے پڑگئی تھیں، میں 5 سو یا 1 ہزار روپے تو دے سکتا ہوں لیکن اس سے زیادہ نہیں‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خبر گردش میں تھی کہ شیخ رشید احمد نے اپنی رہائش گاہ پر ملنے آنے والی بزرگ خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کی اور موقع پر موجود ویڈیو بنانے والے ایک رپورٹر کا موبائل فون توڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کی بزرگ خاتون سے مبینہ بدسلوکی، کیمرا مین کا فون توڑدیا

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے واضح کیا کہ ’نجی ٹی وی چینل کا رپورٹر بالکل ٹھیک کہہ رہا ہے، خاتون مجھ سے لڑرہی تھیں اور 50 ہزار روپے مانگ رہی تھیں، میں 5 سو یا ہزار روپے تو دے سکتا ہوں لیکن اس سے زیادہ نہیں دے سکتا، پولیس نے اُن خاتون کو میری رہائشی حدود سے باہر نکالا، آج کل حالات کا کچھ پتا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے خاتون کے ساتھ کوئی بدسلوکی کی نہ کسی کا موبائل فون توڑا۔

شیخ رشید نے بتایا کہ لال حویلی میں تو روز ہی یہ سب ہوتا رہتا ہے، آج بھی 2 خواتین آئی تھیں جو کہ میری سپورٹر اور ووٹر تھیں، وہ خواتین مجھ سے مکان کا تقاضا کررہی تھیں، جو میرے لیے ناقابل قبول تھا‘۔

شیخ رشید نے ریلوے سے متعلق کہا کہ میرا سب سے پہلا ایجنڈا پشاور سے لاہور ڈبل ٹریک قائم کرنا ہے، لاہور ہیڈ کوارٹر سے 2 نئی ٹرینوں کو چلانے کے لیے احکامات جاری کردیے ہیں تاہم جلد کراچی کا دورہ کروں گا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کراچی میں ریلوے انتظامیہ میرے آنے سے قبل مال بردار ریل گاڑیوں سے متعلق معاملات درست کرلے، کارکردگی کی بنیاد پر آسائش ملے گی لیکن اگر 12 مال بردار گاڑیاں روانہ کرکے کاغذات میں 7 ظاہر کی گئیں تو متعلقہ افسران کو فارغ کردیا جائے گا‘۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’جب پاکستان ریلویز میں اصلاحات کے حوالے سے مشورہ طلب کیا گیا تو دنیا بھر سے آراء وصول ہوئیں جو قابل قدر اور بہت مفید ہیں‘۔

مزید پڑھیں: شیخ رشید احمد اہل قرار، الیکشن میں حصہ لینے کی راہ ہموار

انہوں نے بتایا کہ ’بھارت نے جو ریلوے انجن اور وینز امریکا سے خریدی ہیں، ہماری سابقہ حکومت کے کرپٹ سیاستدانوں نے وہی انجن اور وینز دگنی قیمت میں خریدے، جس کے باعث موجودہ حکومت کو جہیز میں 40 ارب روپے کا خسارہ ملا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ حکومت میں سالانہ 9 ارب روپے اخراجات میں اضافہ ہوا، ڈی ایس ریلوے راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ اخراجات میں کمی لائی جائے‘۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ’اسٹیشنوں پر فوڈ اسٹریٹ بنانے، ریلوے کی زمین پر پلازا اور اسٹیشن بنانے کے لیے معاہدہ کریں گے لیکن ملکیت پاکستان ریلویز کی ہو گی‘۔

شیخ رشید نے واضح کیا کہ ’ریلوے کی اراضی پر قبضے کے معاملے کو کابینہ میں لے کر جائیں گے اور ریلوے کے تمام ریسٹ ہاؤس برائے فروخت کے لیے موجود ہیں‘۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ ’300 سے 400 ٹینڈر ایک ہی کمپنی کو تفویض کیے گئے جنہیں مسترد کردیا جائے گا یا پھر کابینہ میں پیش کیا جائےگا، ہمارے دور میں کریشن کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی‘

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کے بھتیجے کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ دینے پر احتجاج کی دھمکی

شیخ رشید نے ریلوے میں وفاقی احتساب بیورو (نیب) کو مطلوب افراد کے حوالے کرنے کا عندیہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’31 ریلوے اسٹیشنز اپ گریڈ کریں گے، تمام ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کے لیے نجی سمیت برانڈڈ ڈبے چاہتے ہیں‘۔

تبصرے (1) بند ہیں

Azeem Aug 23, 2018 04:49pm
شيخ صاحب، اخلاقی جرائت کا مظاہرہ کریں۔ اپنے عہدے سے استعفی دے دیں، تاکہ دوسرے عہدیداروں کو سبق ملے کہ عوام کے ساتھ کسی صورت میں بدسلوکی ٹھیک نہیں ہوتی، تمام سیاستدان او ر عہدیدار پاکستانی قوم کے نوکر ہیں۔آئین پاکستان کے تحت کسی بھی شخص کو عہدے، منصب اور اختیارات عوام کی خدمت کے لیے تفویض کیے جاتے ہیں، حکمرانی کے لیے نہیں۔عوام کی نوکری کریں۔ ان پر دھونس نہ چلائیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024