• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

نعیم الحق، افتخار درانی وزیر اعظم کے معاون خصوصی مقرر

شائع August 21, 2018 اپ ڈیٹ August 27, 2018

پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق اور افتخار درانی وزیر اعظم کے معاون خصوصی مقرر کردیے گئے۔

کابینہ سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں نعیم الحق کو معاون خصوصی برائے سیاسی امور مقرر کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ افتخار درانی کو وزیر اعظم کا معاون خصوصی برائے میڈیا مقرر کیا گیا۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کی منظوری، شاہ محمود وزیرخارجہ ہوں گے

یاد رہے کہ 18 اگست کو وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنی کابینہ میں 16 وفاقی وزراء اور 5 مشیروں کو شامل کرنے کی منظوری دی تھی۔

نومنتخب وفاقی کابینہ میں تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کے علاوہ مرکز میں اس کی اتحادی جماعتوں کے نمائندوں کو بھی اہم عہدے دیے گئے ہیں۔

عمران خان کی کابینہ میں شاہ محمود قریشی کو وفاقی وزیرِخارجہ، اسد عمر وفاقی وزیرِخزانہ و اقتصادی امور، پرویز خٹک وزیرِدفاع اور فواد چوہدری کو وفاقی وزیرِ اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا۔

ڈاکٹر شیریں مزاری کو وفاقی وزیر انسانی حقوق، شفقت محمود کو وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت، غلام سرور خان کو وزیرِ پیٹرولیم، عامر محمود کیانی کو قومی صحت و خدمات، نورالحق قادری کو وفاقی وزیر مذہبی امور کا قلمدان سونپا گیا۔

علاوہ ازیں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے خسرو بختیار کو وفاقی وزیر برائے آبی وسائل، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو وفاقی وزیرِ ریلوے اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی فہمیدہ مرزا کو وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ بنایا گیا۔

دیگر اتحادی جماعتوں کی طرح متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو بھی وزارتوں سے نوازا گیا، جس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف کے لیے فروغ نسیم اور وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات کے لیے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ: 7 رکنی نگراں کابینہ نے حلف اٹھا لیا

اسی طرح مسلم لیگ (ق) کے چوہدری طارق بشیر چیمہ کو سیفران کا وزیر اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی زبیدہ جلال کو دفاعی پیداوار کا وزیر مقرر کیا گیا۔

وفاقی کابینہ میں 5 مشیروں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں محمد شہزاد ارباب اسٹیبلشمنٹ، عبدالرزاق داؤد کامرس و تجارت اور صنعت و پیداوار اور سرمایہ کاری، ڈاکٹر عشرت حسین انتظامی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی اور ڈاکٹر بابر اعوان پارلیمانی امور کا مشیر ہوں گے۔

بعد ازاں گزشتہ روز ایوانِ صدر میں ہونے والی تقریب میں صدرِ مملکت ممنون حسین نے وفاقی کابینہ کے 16 وزراء سے حلف لیا تھا۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے واضح اکثریت حاصل کرلی تھی جس کے ساتھ ہی وہ مرکز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی تھی، تاہم اسے سادہ اکثریت حاصل کرنے کے لیے اتحادیوں کی ضرورت تھی، جنہیں ساتھ ملانے کے بعد تحریک انصاف مرکز میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024