• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ہم سب سِدّھو کیوں نہیں بن جاتے؟

شائع August 21, 2018

نوجوت سنگھ سِدّھو نے جو کیا وہ صوفیانہ بھی تھا، دلیرانہ بھی تھا اور شاعرانہ بھی۔ انہوں نے عمران خان سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے اور اس اظہار محبت میں انہوں نے صوفیوں والا طرز عمل اپنایا ہے۔

صوفی مذہب سے بالاتر ہو کر محبت بانٹتے ہیں۔ مثبت پہلو اجاگر کرتے ہیں اور ان کی صحبت میں بیٹھے لوگ ان سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ عمران خان سے ملاقات کے فیصلے نے سِدّھو پا جی کی ان صوفیانہ خوبیوں کو اجاگر کیا ہے۔

نوجوت سنگھ سِدّھو نے پیغام دیا ہے کہ وہ دلیر انسان بھی ہیں۔ ہندوستان ایسا ملک ہے جہاں آپ روٹی اور پانی کے بنا تو رہ سکتے ہیں لیکن انتہا پسندوں کی مرضی کے خلاف جا کر زندہ نہیں رہ سکتے۔ سِدّھو پا جی نے خود پر غداری، ملک دشمن اور جاسوس ہونے کے فتوے لگوا لیے ہیں لیکن جس امر کو وہ صحیح سمجھتے ہیں انہوں نے وہ کیا ہے اور ڈنکے کی چوٹ پر کیا ہے۔

جس پاکستان آرمی کے خلاف ہندوستان پوری دنیا میں پروپیگنڈا کرتا پھرتا ہے اس آرمی کے چیف کے ساتھ وہ گلے ملے ہیں، سینہ تان کر اور میڈیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہا کہ آرمی چیف نے تو بن مانگے مجھے سب کچھ دے دیا ہے۔

ویڈیو: جب نوجوت سدھو نے پاکستان کے آرمی چیف کو گلے لگایا

اگر ہم یہ کہیں کہ سِدّھو پا جی نے جو کیا وہ انڈیا پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں کوئی کرکٹر نہیں کر سکا، تو یہ غلط نہیں ہوگا۔ یہ حقیقت ہے کہ تنقید کرنا آسان ہے اور تعریف کرنا مشکل ترین عمل ہے، لیکن سدھو پا جی نے جس طرح دل کھول کر عمران خان کی تعریف کی ہے اور انہیں پاکستان کے لیے اور اس خطے کے لیے امید کی کرن کے طور پر پیش کیا ہے، اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔

مؤرخ لکھے گا کہ جو کام دونوں ملکوں کے سیاستدان 70 سال میں نہیں کر سکے وہ نوجوت سنگھ سِدّھو نے ایک ملاقات میں کر دکھایا ہے۔ نوجوت سنگھ سِدّھو کی نیک نیتی اور امن کی خواہش کا احساس اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے بذریعہ سڑک واہگہ بارڈر پار کر کے پاکستان آنے کو ترجیح دی۔

جس بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں روز ایک دوسرے کو آنکھیں دکھائی جاتی ہیں، اسی بارڈر سے محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام لے کر پاکستان آنا نوجوت سنگھ سِدّھو کا ہی کمال ہے۔ سِدّھو پا جی چاہتے تو بذریعہ جہاز بھی پاکستان آسکتے تھے لیکن انہوں نے واہگہ بارڈر کا استعمال کر کے نفرت کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ عام آدمی کے بس کی بات نہیں ہے یہ سب ایک بہادر انسان ہی کر سکتا ہے۔

تیسرا اور سب سے اہم پہلو ان کی شاعری ہے۔ پاکستان میں جب بھی وہ میڈیا کے سامنے آئے ہیں شاعرانہ انداز میں ہی آئے ہیں۔ ان کی کوئی بھی میڈیا گفتگو شاعری سے خالی نہیں تھی۔ مجھے ان کی شاعری سے ہمیشہ اختلاف رہا ہے لیکن اس مرتبہ حیران کن حد تک ان کی شاعری میں وزن بھی تھا اور سچے جذبات بھی تھے۔

شعر کہتے ہوئے وہ یہ بھول گئے تھے کہ پاکستان اور ہندوستان نظریاتی طور پر مخالف ہیں۔ انہوں نے احساس دلایا کہ نظریہ اور دھرم مختلف ہونے سے آپ دشمن نہیں بنتے بلکہ ایک دوسرے کی خوشی اور غم میں ساتھی نہ بننے سے دشمن بنتے ہیں۔

نوجوت سنگھ اگر پاکستان نہ آتے تو کیا ہوتا؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جس کا جواب جاننا ہم سب کے لیے ضروری ہے۔ سِدّھو پا جی اگر پاکستان نہ آتے تو ہندوستان پاکستان کے تعلقات یوں ہی جمود کا شکار رہتے۔ مودی حکومت آنے کے بعد جو مایوسی پاکستان اور ہندوستان کی عوام کے چہروں پر چھائی ہوئی تھی، اس مایوسی کے بادل مزید گہرے ہوتے جاتے۔

مزید پڑھیے: نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف بھارتی میڈیا کا منفی پروپیگنڈا

پاکستان میں نئی حکومت آنے کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان نے ہندوستان کو ایک قدم آگے بڑھنے کے بدلے دو قدم آگے بڑھنے کا جو یقین دلایا تھا وہ صرف ایک نعرہ بن کر رہ جاتا۔ ہندوستانی عوام جس پاکستانی میزبانی اور محبت کو بھول چکی تھی اسے دنیا کو دوبارہ دکھانے کا موقع ہر گز نہ ملتا۔

سِدّھو پا جی اگر پاکستان نہ آتے تو دنیا ہندوستان کا مثبت چہرہ نہ دیکھ سکتی۔ ان کے آنے سے دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ ہندوستان پاکستان سے اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔ ہندوستانی عوام اور فلمی ستاروں کی طرف سے جو پذیرائی سِدّھو صاحب کو ملی ہے اس سے عوام کی رائے سے متعلق شک و شبہات کے گہرے بادل چھٹ گئے ہیں۔

سِدّھو پا جی کے پاکستان آنے کے کیا فوائد ہیں اس کا اندازہ آپ اس بات سے لگا لیں کہ ہندوستان اور پاکستان کے میڈیا میں ایک مرتبہ پھر دوستی محبت اور پیار کی باتیں ہونے لگی ہیں۔ میڈیا ٹاک شوز میں ہندوستان اور پاکستان کے سینیئر صحافی دوبارہ اس مدعے کو زیر بحث لا رہے ہیں کہ دشمنی کی وجوہات کیا ہیں اور انہیں ختم کیسے کیا جا سکتا ہے۔

پوری دنیا کا میڈیا یہ بحث کر رہا ہے کہ اقوام متحدہ کو دونوں ممالک میں کس طرح ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ سِدّھو صاحب کی آمد نے دونوں ملکوں میں سیاسی بیٹھکوں، ڈرائینگ روم کی گفتگو ، فلم انڈسٹری، پارلیمٹ اور گلی محلوں میں ہندوستان پاکستان تعلقات کی اہمیت کے قصے کو چھیڑ دیا ہے۔

پڑھیے: عمران خان کی دعوت پر نوجوت سنگھ سدھو پاکستان پہنچ گئے

سِدّھو صاحب نے امید کی شمع کو چنگاری دکھا دی ہے۔ اب یہ دونوں اطراف کی عوام اور سیاستدانوں کا فرض ہے کہ وہ اس چنگاری کو بجھنے نہ دیں اور اس چنگاری سے ایسی مشعل کو روشن کریں جسے لے کر ہم پوری دنیا کا چکر لگائیں اور دنیا کو سکھائیں کہ امن کس طرح قائم کیا جا سکتا ہے۔

سِدّھو پا جی آئے اور چلے گئے لیکن جاتے جاتے دوستی، محبت، پیار اور حسن اخلاق کی نئی راہیں کھول گئے ہیں۔ اب یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم ان راہوں کو کبھی بند نہ ہونے دیں اور یہ صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہم اپنے اندر کے سدھو کو تلاش کریں اور دوسروں کو بھی دعوت دیں کہ آئیں اور سِدّھو بنیں۔

میاں عمران احمد

بلاگر نے آکسفورڈ بروکس یونیورسٹی لندن سے گریجویشن کر رکھا ہے۔ پیشے کے اعتبار سے کالم نگار ہیں، جبکہ ورلڈ کالمسٹ کلب اور پاکستان فیڈریشن آف کالمسٹ کے ممبر بھی ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Sharmo sharam Aug 21, 2018 02:08pm
بن جاوفرق نہیں پڑےگا اوپر مودی ہے

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024