سی پیک میں خیبرپختونخوا کے حصے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسد قیصر
صوابی: قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت چائینا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں خیبرپختونخوا کے حصے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر نے اپنے آبائی علاقے میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے دوران بھی انہوں نے سی پیک میں خیبرپختونخوا کے حصے کے لیے قانونی جنگ جاری رکھی تھی۔
انہوں نے دوبارہ بھروسہ کرنے اور صوابی کے عوام کو عزت دینے پر پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر، قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی سر فہرست ترجیح ملک کے نوجوانوں کے لیے ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماضی میں واپڈا کے حکام کے ساتھ ملاقات کی تھی اور انہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کے لیے کہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکام نے انہیں اسٹاف کی کمی اور مالی مشکلات کے حوالے سے آگاہ کیا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت واپڈا کی مالی مشکلات کے حل کے لیے کوششیں کرے گی۔
انہوں نے پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے کے لیے عوام کی جانب سے ووٹ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ عوام کا بھروسہ نہیں توڑیں گے۔
اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم خیبرپختونخوا کو بہت اہمیت دیتے ہیں کیونکہ صوبے کے لوگوں نے دوسری مرتبہ پی ٹی آئی کو منتخب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوابی کے نامکمل ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا جائے گا جبکہ نئے منصوبوں کی ابتدا بھی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: نومنتخب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کون؟
اس سے قبل اسلام آباد پشاور موٹر وے کے صوابی انٹر چینج پر اسد قیصر کی آمد کے موقع پر ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں ایک جلوس کی صورت میں ان کے آبائی گاؤں لے جایا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کا کہنا تھا کہ اسد قیصر کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے نامزدگی ان کے ضلع کے لیے عزت کی بات ہے۔
رکن خیبرپختونخوا اسمبلی رنگیز خان کا کہنا تھا کہ 'اسد قیصر، ضلع میں اسپیکر کے طور پر جانے جاتے ہیں کیونکہ وہ صوبے میں پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت میں بھی صوبائی اسمبلی کے اسپیکر تھے'۔
یہ خبر 20 اگست 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی