• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

صدر منتخب ہونے پر میرا مسکن ایوان صدر نہیں ہوگا، عارف علوی

شائع August 20, 2018

کراچی: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی نے اعلان کیا ہے کہ وہ منتخب ہونے کے بعد ایوانِ صدر کے بجائے پارلیمنٹ لاجز میں قیام کریں گے۔

اسلام آباد سے واپسی پر ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو میں عارف علوی نے بطور صدارتی امیدوار اپنی نامزدگی پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے انتخابات میں حمایت کرنے پر کراچی کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ وہ عوام سے رابطہ برقرار رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا وزیر اعظم ہاؤس میں نہ رہنا قومی خزانے کیلئے کتنا فائدے مند؟

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ کراچی کے اہم ترین مسائل مثلاً ٹرانسپورٹ، پانی کی قلت، صفائی کی ابتر صورتحال کو حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے ساتھ ہی ملک میں تبدیلی کا آغاز ہوگیاہے، ان کا کہنا تھا کہ نو منتخب وزیراعظم نے عوام سے روزگار، تعلیم اور رہائش فراہم کرنے کے جو وعدے کیے ان پر عمل درآمد کے لیے وہ روڈ میپ کا اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک کے تمام صوبوں میں انسانی حقوق کی صورتحال پر خصوصی توجہ دے گی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں ایک بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بناؤں گا، وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا وفاقی حکومت سندھ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کے ساتھ مل کر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرے گی۔

اے پی پی نیوز ایجنسی کے مطابق متوقع صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک کے تمام حصوں میں ترقیاتی منصوبوں پر یکساں توجہ دے گی اور اس سلسلے میں عوام کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان سے احساسِ محرومی ختم کیا جائے گا جبکہ سندھ بالخصوص کراچی کے عوام کو جن مسائل کا سامنا ہے ان کو حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔


یہ خبر 20 اگست 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024