ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور
لاہور: ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
گستاخانہ خاکوں کے خلاف حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر ایوان میں لائی جانے والی قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ہالینڈ سے احتجاجاً اپنے سفارتی تعلقات منقطع کردے۔
پنجاب اسمبلی میں پیش کی جانے والے قرارداد میں کہا گیا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
مزید پڑھیں: تمام گستاخانہ ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کی جائے، چیئرمین سینیٹ
قرارداد میں کہا گیا کہ اللہ تعالی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دونوں جہانوں کے لیے پیدا فرمایا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر کلمات کی روشنائیاں ختم ہو گئیں لیکن تعریف ختم نہیں ہوسکتی۔
قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا کہ دنیا بھر کے کفار اسلام سے خوفزدہ ہیں اور وہ اسی وجہ سے خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخیاں کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال جون میں ہالینڈ کے متنازع سیاستدان گیرٹ ولڈرز نے پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کروانے کا قبیح اعلان کیا تھا۔
گیرٹ ولڈرز وہی شخص ہے جس نے پارلیمنٹ میں قرآن مجید کی ترسیل روکنے کا بل پیش کیا تھا، اس کے علاوہ یہ ہالینڈ میں خواتین کے پردے پر پابندی کا بل بھی پیش کرچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیدرلینڈز:اسلام مخالف جماعت کی گستاخانہ کارٹون کے مقابلے کی مذموم کوشش
قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان میں ہر مسلمان گستاخانہ خاکوں پر غم و غصے کا اظہار کر رہا ہے۔
وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ہالینڈ کے ملعون سیاستدان کی اس مذموم حرکت پر ہالینڈ کی حکومت سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ بین الاقوامی برادری کو انتشار پیدا کرنے والے ہالینڈ کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔
ایوان میں قرار دار پر ووٹنگ ہوئی تو وہ متفقہ طور پر اسے منظور کرلیا گیا۔