برطانوی وزیراعظم کا عمران خان کو فون، جیت پر مبارکباد
برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مے نے پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کر کے انتخابات میں کامیابی اور وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تھریسامے نے عمران خان کو فون کر کے انھیں بطور وزیراعظم انتخاب پر مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پی ٹی آئی کے مطابق برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک-برطانیہ تعلقات کو مزید متحرک کرنے اور تیزی لانے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:منتخب وزیراعظم عمران خان کو کھلاڑی، سیاست دانوں کی مبارک باد
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں کھولنے کے لیے بھی تیار ہیں اور نئی حکومت کی مکمل معاونت کریں گے۔
اس موقع پر عمران خان نے برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے مبارک باد اور نیک خواہشات کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
پی ٹی آئی کے بیان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ منی لانڈرنگ ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے،جس کے انسداد کے لیے بیرونی حکومتوں خصوصاً برطانیہ کے ساتھ اشتراک کے خواہاں ہیں۔
برطانوی وزیر اعظم نے پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم کے ان خیالات سے مکمل اتفاق کیا اور دونوں رہنماؤں نے منی لانڈرنگ کے انسداد کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں:سب سے پہلے کڑا احتساب کریں گے، عمران خان
واضح رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ ملک میں تبدیلی لانے کے لیے سب سے پہلے کڑا احتساب کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ملک و قوم کو لوٹا ان سب کا احتساب کروں گا اور یہ بھی وعدہ ہے کہ کسی ڈاکو کو کسی قسم کا این آر او نہیں ملے گا۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ’گزشتہ 10 سال میں 28 ہزار ارب روپے کا قرض لیا گیا، لوگوں کی تعلیم کا پیسہ لوٹا گیا، ہم قوم سے پیسہ اکٹھا کریں گے، کسی سے بھیک نہیں مانگیں گے اور میں ہر مہینے دو بار ایوان میں کھڑے ہو کر جواب دوں گا۔‘
عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہوتے ہی مقامی سیاست دانوں اور کھلاڑیوں کے علاوہ دنیا بھر سے مختلف افراد کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔