• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری کے ’ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری' جاری

شائع August 17, 2018

کراچی کی بیکنگ کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

بینکنگ کورٹ میں منی لانڈرنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جہاں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار ملزمان اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور عبدالغنی مجید کو پیش کیا۔

دوران سماعت ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کی جانب سے ملزم انور مجید اور ان کے بیٹے کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس پر انور مجید کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے مخالفت کی۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور مفرور قرار

تاہم عدالت نے ملزمان کے ایک ہفتے کا جسمانی ریمانڈ مںظور کرتے ہوئے 24 اگست تک انہیں ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

دوران سماعت ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات میں شامل نہ ہونے والے افراد سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی اور استدعا کی گئی کیس میں مفرور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر 15 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، جس پر عدالت نے ان کی استدعا منظور کرلی۔

عدالت کی جانب سے حکم دیا گیا کہ تمام ملزمان کو گرفتار کرکے 4 ستمبر تک عدالت میں پیش کیا جائے۔

مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: ایف آئی اے نے آصف زرداری، فریال تالپور کو طلب کرلیا

خیال رہے کہ مفرور ملزمان میں سابق صدر آصف زرداری کے علاوہ نمر مجید، اسلم مسعود، عارف خان، نصیر عبداللہ حسین لوتھا، عدنان جاوید، محمد عمیر، محمد اقبال آرائیں، اعظم وزیر خان، زین ملک، مصطفی ذوالقرنین ودیگر شامل ہیں۔

اس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور نے پہلے ہی ضمانت لے رکھی ہے جبکہ معروف بینکر حسین لوائی، طحٰہ رضا، انور مجید اور عبدالغنی کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

آصف زرداری نے ہمیشہ قانون کا سامنا کیا، فاروق ایچ نائیک

عدالت میں سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تھی، جس کی میں نے مخالفت کی اور عدالت نے ایک ہفتے کا ریمانڈ دیا۔

انہوں نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری تفتیش میں شامل ہونا چاہتے ہیں یا نہیں یہ ان کی صوابدید ہے کیونکہ سابق صدر نے ہمیشہ قانون کا سامنا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل سے خارج

فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے سے تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن اس سے قبل بھی کئی مقدمات تھے، جس میں آصف علی زرداری باعزت بری ہوئے تھے۔

پیپلز پارٹی کی تردید

دوسری جانب پیپلزپارٹی نے آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے سے متعلق میڈیا رپورٹس کی تردید کی۔

پی پی پی کے سینئر رہنما فرحت اللہ بابر نے ایک جاری بیان میں کہا کہ آصف علی زرداری کے گرفتاری وارنٹ جاری نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے ان رپورٹس کی تردید کی اور کہا کہ عدالت نے اس طرح کا کوئی حکم جاری نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ میں جعلی اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد ایف آئی اے نے اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور ان کے بیٹے کو عدالت کے احاطے سے گرفتار کرلیا تھا۔

منی لانڈرنگ کیس

واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے 6 جولائی کو حسین لوائی سمیت 3 اہم بینکرز کو منی لانڈرنگ کے الزامات میں حراست میں لیا گیا تھا۔

حسین لوائی اور دیگر کے خلاف درج ایف آئی آر میں اہم انکشاف سامنے آیا تھا جس کے مطابق اس کیس میں بڑی سیاسی اور کاروباری شخصیات کے نام شامل تھے۔

ایف آئی آر کے مندرجات میں منی لانڈرنگ سے فائدہ اٹھانے والی آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی کمپنی کا ذکر بھی تھا، اس کے علاوہ یہ بھی ذکر تھا کہ زرداری گروپ نے ڈیڑھ کروڑ کی منی لانڈرنگ کی رقم وصول کی۔

ایف آئی آر کے متن میں منی لانڈرنگ سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں اور افراد کو سمن جاری کیا گیا جبکہ فائدہ اٹھانے والے افراد اور کمپنیوں سے وضاحت بھی طلب کی گئی تھی۔

ایف آئی آر کے متن میں مزید کہا گیا تھا کہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ 6 مارچ 2014 سے 12 جنوری 2015 تک کی گئی جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے آصف زرداری اور فریال تالپور کو مفرور بھی قرار دیا گیا تھا۔

جس کے بعد جعلی اکاؤنٹس کیس اور 35 ارب روپے کی فرضی لین دین سے متعلق کیس میں ایف آئی اے کی درخواست پر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔

تاہم چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے اس بات سے انکار کیا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دونوں رہنما منی لانڈرنگ کیس میں ملزم ہیں۔

جس کے بعد نگراں حکومت کی جانب سے آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا گیا تھا۔

بعدازاں فریال تالپور نے لاڑکانہ میں سندھ ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024