’منٹو‘: بول کے لب آزاد ہیں
بولی وڈ کی آنے والی بائیوگرافی فلم ’منٹو‘ کا ٹریلر آخر کار جاری کردیا گیا، جس کا انتظار مداح طویل عرصے سے کررہے تھے۔
فلم ’منٹو‘ میں نوازالدین صدیقی مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
نوازالدین صدیقی نے اس ٹریلر کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا، اداکار نے لکھا کہ ’بول کے لب آزاد ہیں، اس یوم آزادی پر، اس آزادی کا جشن منائیں جس کے لیے منٹو کھڑے ہوئے‘۔
ٹریلر میں ’منٹو‘ کی زندگی کا تقسیم برصغیر سے قبل کا حصہ دکھایا گیا ہے، جس میں متحدہ ہندوستان کے شہر ممبئی میں رہائش پذیر تھے۔
ٹیزر ٹریلر میں نوازالدین صدیقی کو سعادت حسن منٹو کے باغیانہ انداز کے اثر میں دیکھا جاسکتا ہے، وہ غصے اور منفرد انداز سے اپنے دوستوں اور اہل خانہ سے بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ٹریلر میں منٹو کی خاندانی زندگی کو بھی دکھایا گیا ہے، جو مشکلات اور پریشانیوں کا شکار دکھائی دیتی ہے۔
اس فلم کی ہدایات نندیتا داس دے رہی ہیں, جہاں نوازالدین صدیقی ’سعادت حسن منٹو‘ کے روپ میں نظر آئیں گے، وہیں اداکارہ رسیکا دگل ان کی اہلیہ کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔
مزید پڑھیں: نوازالدین صدیقی پر’منٹو‘ کے باغیانہ انداز کا اثر
یاد رہے کہ اس فلم کا پہلا ٹیزر رواں سال فرانس میں منعقد کانز فلم فیسٹیول میں جاری کیا گیا تھا، جہاں فلم کی پوری ٹیم بھی موجود تھی۔
ٹیزر میں ’منٹو‘ پر ان کے شہرہ آفاق افسانے ’ٹھنڈا گوشت‘ کی وجہ سے ان پر مقدمہ درج ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جب کہ انہیں مقدمات کی وجہ سے عدالت میں بھی پیش ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
نواز الدین صدیقی برصغیر کے بڑے افسانہ نگار کی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوتے ہوئے معزز جج کو بتاتے ہیں کہ وہ وہی لکھتے ہیں، جو سماج میں دیکھتے ہیں، وہ اپنی کہانیوں کو سماج کا آئینہ سمجھتے ہیں۔
فلم رواں سال 21 ستمبر کو ریلیز ہوگی۔