پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری میں دلچسپی ہے، سعودی ولی عہد
سعودی عرب نے 25 جولائی کو عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے انتخابات کے بعد سے اب تک چوتھی مرتبہ رابطہ کرکے پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے نامزد وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فون کرکے رابطہ کیا اور انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی۔
سعودی ولی عہد نے ٹیلی فونک رابطے کے دوران کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات بھی مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی سفیر کی عمران خان سے ملاقات، انتخابات جیتنے پر مبارکباد
محمد بن سلمان نے کہا کہ پاکستان میں معاشی اور کاروباری امکانات بہت وسیع اور روشن رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے اعلامیے کے مطابق عمران خان نے سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف مہم چلانے پر ولی عہد کی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ درست اور مفید گورننس کرپشن کے خاتمے کے ساتھ ہی ممکن ہے، ولی عہد کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید قریب اور مستحکم کیا جائے گا اور عنقریب دونوں ممالک کے سربراہان ایک دوسرے کے ملک کا دورہ بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز نے بھی سعودی عوام اور حکومت کی جانب سے انتخابات میں کامیابی پر عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مبارکباد دی تھی۔
اس سے قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مبارکباد کا پیغام پہنچایا تھا اور پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر فیر نواف بن سعید المالکی وہ پہلے سفیر تھے جنہوں نے اس سلسلے میں عمران خان سے ملاقات کی تھی جبکہ انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ جاری تھا۔
تبصرے (1) بند ہیں