• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ٹی آئی نے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کردیا

شائع August 13, 2018

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بلوچستان کے رکن قومی اسمبلی قاسم سوری کو اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر نامزد کردیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے نامزد کردہ قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے قاسم سوری کی نامزدگی کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’قاسم سوری کا تعلق بلوچستان سے ہے، اور یہ پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکن ہیں‘۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی: عمران خان، بلاول بھٹو، شہباز شریف سمیت دیگر اراکین نے حلف اٹھالیا

ان کا کہنا تھا کہ قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر کے عہدے سے قومی اسمبلی کو احسن انداز سے چلائیں گے جبکہ وہ اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں۔

اس موقع پر قاسم سوری نے عمران خان کی جانب سے انہیں اس عہدے کے لیے نامزد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قومی اسمبلی میں بلوچستان کی جانب سے نمائندگی سے بلوچستان کا احساس محرومی دور ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے مجھ پر بھروسہ کیا ہے، ایوان کو احسن انداز میں چلائیں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر نئے اور پرانے چہرے

حالیہ انتخابات کے بعد قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا یا تھا۔

مجموعی طور پر ملک کی 15ویں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے 342 اراکین میں سے 328 ارکان سے حلف لیا۔

بعد ازاں قومی اسمبلی کے اجلاس کو بدھ، 15 اگست کی صبح 10 بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

یہ بھی دیکھیں: جب بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان سے مصافحہ کیا

خیال رہے کہ بدھ کو ہونے والے اجلاس میں قومی اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا، اس سلسلے میں موجودہ اسپیکر ایاز صادق نے اراکین کو طریقہ کار سے آگاہ کیا اور بتایا کہ 14 اگست کو دن 12 بجے تک اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی نامزدگی سے متعلق کاغذات جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اسد قیصر جبکہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل اور دیگر جماعتوں کے گرینڈ اپوزیشن الائنس کی جانب سے خورشید شاہ کو نامزد کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024