• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

گلگت بلتستان: شہید پولیس اہلکاروں کیلئے ستارہ جرأت کی سفارش

شائع August 12, 2018

گلگت بلتستان کی حکومت نے حالیہ واقعات میں دہشت گردوں سے مقابلے میں جام شہادت نوش کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو ستارہ جرأت دلانے کا فیصلہ کرلیا۔

میڈیا سے بات چیت میں مشیر اطلاعات شمس میر نے کہا کہ علاقے میں دہشت گردی کی تازہ لہر میں پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جس بہادری اور جرأت کا مظاہرہ کیا ہے، اس پرصوبائی حکومت ان شہدا کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ جرأت دینے کی سفارشات فوری طور پر وفاق کو ارسال کرے گی۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان: دہشتگردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، 3 اہلکار جاں بحق

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شہید اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے لیے ایک خصوصی پیکیج تیار کررہی ہے جس کی تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔

شمس میر کے مطابق گلگت بلتستان پولیس نے جو کردار ادا کیا اس کی مثال ملک کی تاریخ میں بھی نہیں ملتی۔

خیال رہے کہ 11 اگست کو گلگت سے 40 کلومیٹر دور گارگاہ نالہ میں جوت کے مقام پر پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ 3 اور 4 اگست کی درمیانی شب گلگت بلتستان میں نامعلوم شرپسندوں نے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے قائم 12 اسکولوں کو نذر آتش کردیا تھا، بعدِ ازاں مزید 2 اسکولوں کو جلانے کی اطلاعات موصول ہوئیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان: لڑکیوں کیلئے قائم متعدد اسکول نذر آتش

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے 4 اگست کو دیامر اور چلاس میں دہشت گردوں کی جانب سے اسکولوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعے پر ازخود نوٹس لیا تھا۔

بعد ازاں پولیس کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا تھا کہ گلگت بلتستان کے علاقے دیامر میں لڑکیوں کے 14 اسکولوں کو نذر آتش کرنے والا مشتبہ دہشت گرد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک اور پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024