• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ٹی آئی کا عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ

شائع August 11, 2018

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کی باضابطہ منظوری چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دے دی۔

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پارٹی نے سندھ کے گورنر کے لیے عمران اسماعیل کے نام پر اتفاق کیا اور عمران خان نے اس فیصلے کی منظوری دی ہے۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو انتخابات میں پی ٹی آئی کو ملک بھر میں اکثریت حاصل ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گورنر سندھ محمد زبیر نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

محمد زبیر نے 28 جولائی کو اپنا استعفیٰ صدر مملکت ممنون حسین کو بھیج دیا تھا جس کو منظور کر لیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آئینی طریقہ کار کے مطابق اپنا کردار ادا کیا اور اب صدر مملکت قائم مقام گورنر کی نامزد کریں گے۔‘

مزید پڑھیں:گورنر سندھ محمد زبیر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نے عام انتخابات میں سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس-111 سے حصہ لیا تھا اور کامیابی حاصل کی تھی۔

عمران اسماعیل نے پارٹی کی جانب سے گورنر سندھ نامزد کیے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے گورنر کی بہت بڑی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاہم سب جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں گا، میرے لیے شہری اور دیہی علاقے برابر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حریف جماعتوں سے کہتا ہوں کہ وہ ایک قدم آگے آئیں ہم دس قدم بڑھائیں گے۔

گورنر ہاؤس کے اخراجات کم کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس قائد اعظم کی رہائش گاہ بھی رہی ہے جبکہ گورنر ہاؤس کے اخراجات بھی کم کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ محمد زبیر نے 2 فروری 2017 کو سندھ کے 32ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

انہیں سابق گورنر جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے گورنر سندھ نامزد کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024