عازمین حج کو جعلی فارمز فروخت کیے جانے کا انکشاف
وزارت مذہبی امور کے نام پر ’ہارڈ شپ حج کوٹہ‘ کے جعلی فارم بناکر فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
جوائنٹ سیکریٹری حج کے مطابق محمد اعظم نامی حج ٹور آپریٹر نے کوئٹہ اور کراچی میں 89 عازمین حج کو 70 ہزار روپے فی کس رشوت لے کر جعلی حج فارم فروخت کیے۔
عازمین حج کو فلائٹ شیڈول، حفاظتی ٹیکے، فنگر پرنٹس سمیت تمام کاغذات مکمل ہونے کا بھی جھانسہ دیا گیا اور جب حاجی کیمپوں میں جانے کے بعد ان عازمین کو روکا گیا تو اس فراڈ کا انکشاف ہوا۔
وزارت مذہبی امور نے بینکوں سے معلوم کیا تو فارم جعلی نکلے جس کے بعد ژوب کے اعظم کاکڑ اور عنایت اللہ درانی کی درخواست پر کیس وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بھجوا دیا۔
مزید پڑھیں: سرکاری حج اسکیم کے تحت 50 فیصد کوٹے کی قرعہ اندازی
ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ عازمین کی جانب سے بینکوں میں جمع کرائے گئے 2 کروڑ 30 ہزار روپے محفوظ ہیں، جبکہ فراڈ کرنے والا اعظم نامی شخص فرار ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیم میں تمام عازمین حج کی بکنگ مکمل ہوچکی ہے اور حج آپریشن اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سے حج پر جانے والے خواہش مند افراد سے فراڈ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، پہلے بھی اس طرح کے درجنوں واقعات ہوچکے ہیں۔
گزشتہ سال کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ایک ٹریول ایجنسی کا مالک 150 سے زائد عازمین حج کے کروڑوں روپے لے کر فرار ہوگیا تھا۔