چین میں پھنسے پاکستانی شاہین ایئرلائن کی پرواز سے لاہور پہنچ گئے
چین میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر شاہین ایئر انٹرنیشنل کا طیارہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ شاہین ایئر انٹرنیشنل (ایس اے آئی) کی پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے متعدد پاکستانی چینی ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے تھے۔
تاہم گزشتہ روز رات 2 بجے شاہین ایئر انٹرنیشنل کی پرواز این ایل 891 مسافروں کو لینے لاہور سے چینی شہر گوانگزو روانہ ہوئی تھی۔
چین سے آنے والے شاہین ایئرانٹرنیشنل کے طیارے میں 214 مسافر سوار تھے جن میں 2 نومولود سمیت 29 بچے بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: چین میں پھنسے مسافروں کی واپسی، شاہین ایئر کا طیارہ رات 2 بجے پروان بھرے گا
خیال رہے کہ میڈیا میں آنے والی رپورٹس کے مطابق چین میں 300 سے زائد پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں اور ان میں بیشتر کے ویزوں کی معیاد مکمل ہوچکی ہے تاہم ان میں سے چند افراد نے واپسی کے لیے ذاتی طور پر انتظامات کیے تھے۔
28 جولائی 2018 کو سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شاہین ایئر انٹرنیشنل کو چین میں پھنسے ہوئے 3 سو مسافروں کو وطن واپس لانے کی اجازت دی تھی۔
اس معاملے پر چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے بھی ازخود ںوٹس سماعت کے دوران شاہین ایئر انٹرنیشنل کو حکم دیا تھا کہ وہ چین میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے فوری طور پر اقدامات اٹھائیں۔
یہ بھی پڑھیں: شاہین ایئر کو چین میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کا حکم
بعد ازاں سی اے اے نے شاہین ایئرانٹرنیشنل کو پھنسے ہوئے مسافروں کو واپس لانے کے لیے اجازت دے دی تھی لیکن جب شاہین ایئر انٹرنیشنل کی فلائٹ آپریشن کا آغاز کرنے لگی تو سی اے اے انسپکٹر نے انکشاف کیا کہ ان کے طیاروں کی حالت ناقص ہے۔
شاہین ایئر انٹرنیشنل کی جانب سے کوئی دوسرا مسافر طیارے کا انتظام نہ ہونے پر سے اے اے نے پی آئی اے سے مسافروں کو واپس لانے کی درخواست کی جس پر پاکستان کی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے چین میں پھنسے مسافروں کو واپس لانے کا فیصلہ کیا تھا۔
تاہم شاہین ایئر انٹرنیشنل کی جانب سے خراب پرزہ تبدیل کیا گیا جس کے بعد سے اے اے نے پرواز کو اڑان کی اجازت دی تھی۔