شادی سے انکار پر تھائی لینڈ کی سابق حسینہ قتل
خوبصورت ساحلوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والے جنوب مشرقی ملک تھائی لینڈ میں شادی اور جسمانی تعلقات سے انکار پر سابق حسینہ اور اس کے ایک دوست کو قتل کردیا گیا۔
20 سالہ پاوینا نموئنگرک جو اس وقت ایک ڈانس بار میں ڈانسر تھیں انہیں اپنی سالگرہ سے ایک دن قبل اپنے 21 سالہ دوست ننتا چائی سمیت بیہمانہ تشدد کرکے قتل کیا گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ سابق حسینہ اور ڈانسر 20 سالہ پاوینا نموئنگرک اور ان کے ایک دوست کو سر اور سینے پر تشدد کرنے کے بعد گولیاں مار کر ہلاک گیا۔
ملزمان نے سابق حسینہ اور اس کے دوست کو تھائی لینڈ کے صوبے چون بوری میں سیاحتی مقام پر سیاحوں کے سامنے قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سابق حسینہ اور ڈانسر کے قتل کا حکم ڈانس بار کلب کے مالک 43 سالہ پانیا ینگانگ نے دیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس اور مقتول سابق حسینہ کے والدہ کے مطابق ڈانس بار کلب کا مالک 20 سالہ ڈانسر سے شادی کرنا چاہتا تھا اور اس نے 2 سال قبل ہی اسے رشتے کی پیش کش کی تھی۔
مقتول ڈانسر کی والدہ نے بتایا کہ ڈانس کلب کے مالک نے شادی کے لیے ان کی بیٹی کو 23 ہزار یورو سے زائد رقم کے بدلے شادی کی پیش کش کی تھی، تاہم ان کی بیٹی نے انکار کردیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ڈانس کلب کے مالک کو شک تھا کہ ڈانسر اپنے 21 سالہ دوست ننتا چائی سے محبت کرتی ہیں، اس لیے انہوں نے جلن اور شک کی بنیاد پر سابق حسینہ کو قتل کروادیا۔
پولیس کے مطابق ننتا چائی سابق حسینہ کا صرف دوست تھا، ان میں محبت نہیں تھی، کیوں کہ وہ ہم جنس پرست تھا۔