پی ٹی آئی رہنما اسد عمر استقبالیہ تقریب میں گر کر زخمی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد عمر اسلام آباد کے مضافات میں ایک دیہات بڈانہ میں استقبالیہ تقریب کے دوران گھوڑے سے گر کر زخمی ہوگئے۔
اسلام آباد کے مضافات میں واقع دیہات بڈانہ میں پی ٹی آئی کے مقامی کارکنان کی جانب سے انتخابات میں کامیابی پر اعزازی استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں اسد عمر بھی شریک ہوئے۔
اسد عمر کو مقامی روایت کے مطابق گھوڑے پر سوار کیا گیا تاہم گھوڑے سے اترتے وقت وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور ان کا پاؤں رکاب سے پھسل گیا۔
پی ٹی آئی رہنما کو گرنے سے کمر میں چوٹ آئی تاہم انھیں حادثے کے فوری بعد قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
خیال رہے کہ اسد عمر نے اسلام آباد کے حلقہ این اے-54 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انجم عقیل کو شکست دی تھی۔
اسد عمر نے 56 ہزار 945 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ انجم عقیل کو 32 ہزار 991 ووٹ ملے تھے۔
پی ٹی آئی کی مرکز میں کامیابی کے بعد خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسد عمر وفاقی وزیر خزانہ ہوں گے جس کے لیے انھوں نے تیاریاں بھی شروع کر رکھی ہیں اور حال ہی میں مختلف اداروں کو انٹرویو میں انھوں نے اپنے عزائم بھی ظاہر کیے ہیں۔
اسد عمر نے بلومبرگ کو اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ملک کی اقتصادی حالت ابتر ہے اور قومی خزانے کے لیے 6 ہفتوں میں 12 ارب ڈالر کی ضرورت ہے ورنہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی حالت ابتر ہوتی چلی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کثیر رقم کے حصول کے لیے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے بھی رابطہ کیا جائے گا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بانڈز بھی جاری کیے جاسکتے ہیں۔