چین میں پھنسے مسافروں کی واپسی، شاہین ایئر کا طیارہ رات 2 بجے پروان بھرے گا
چین سے مسافروں کو لانے کے لیے شاہین ایئرلائنز کی پرواز اڑانے کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کردی۔
شاہین ایئرلائن کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کی رات کو چین کے شہر گوانگ زو سے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے اپنی پرواز اڑائے گی۔
واضح رہے کہ شاہین ایئر لائن (ایس اے آئی) کی پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے 29 جولائی سے متعدد پاکستانی چینی ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: شاہین ایئر لائن کی معذرت، چین سے مسافروں کو لانے کا کام پی آئی اے کو سونپ دیا گیا
سول ایوی ایشن اتھارٹ (سی اے اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شاہین ایئرلائن کی پرواز کی فٹنس پر اتھارٹی کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کو سامنے رکھا جاچکا ہے۔
شاہین ایئرلائنز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر کی پرواز این ایل 892 رات 2 بجے لاہور سے گوانگ زو کے لیے روانہ ہوگی اور یہ فلائٹ صبح 11 بجے وہاں پہنچے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یہی فلائٹ دوپہر ایک بجے گوانگژو سے روانہ ہوکر شام 6 بجے لاہور پہنچے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہین ایئر کو چین میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کا حکم
واضح رہے کہ اس سے قبل سی اے اے نے شاہین ایئرلائن کو پھنسے ہوئے مسافروں کو واپس لانے کے لیے اجازت دے دی تھی لیکن جب ایس اے آئی فلائٹ آپریشن کا آغاز کرنے لگی تو سی اے اے انسپکٹر نے انکشاف کیا کہ ان کے طیاروں کی حالت ناقص ہے۔
جس کے بعد سی اے اے نے ایس اے آئی کو ’تیکنیکی بنیادوں‘ پر پرواز کی اجازت نہیں دی۔
جب ایس اے آئی کوئی دوسرا مسافر طیارے کا انتظام نہیں کر سکی تو انہوں ںے پی آئی اے سے مسافروں کو واپس لانے کی درخواست کی۔ بعد ازاں پاکستان کی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے چین میں پھنسے مسافروں کو واپس لانے کا فیصلہ کیا تھا۔