• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

جام کمال کو وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد کرنے پر بی اے پی میں اختلافات

شائع August 1, 2018

کوئٹہ: حالیہ انتخابات میں بلوچستان میں اکثریت حاصل کرنے والی سابق حکمراں جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے جام کمال کو وزیرا علیٰ نامزد کرنے پر اختلافات سامنے آگئے۔

بی اے پی میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جان محمد جمالی اور عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے جام کمال کی نامزدگی کی مخالفت کی گئی۔

اس بارے میں جب قدوس بزنجو سے سوال کیا گیا، تو ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بی اے پی کوئٹہ میں فیصلے کرنے کے لیے بنائی تھی بنی گالہ میں نہیں، تاہم انہوں نے اس معاملے پر براہ راست کوئی رائے دینے سے گریز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان عوامی پارٹی 14 صوبائی نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان

اس ضمن میں جان محمد جمالی اور سابق گورنر ذوالفقار مگسی کے بھائی طارق مگسی نے متبادل آپشن پر غور کے لیے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر خان مینگل سے خفیہ ملاقات بھی کی، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

بی این پی مینگل کے ذرائع نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ ملاقات میں دونوں افراد نے بی این پی مینگل کے سربراہ کے ساتھ بلوچستان میں حکومت کے قیام کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب بی این پی مینگل اور متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے اراکین نے بھی کوئٹہ میں اہم ملاقات کی جس میں بی اے پی کو سادہ اکثریت حاصل ہونے کے بعد حکومت کے قیام کے حوالے سے موجود متبادل آپشنز پر غور کیا گیا۔

مزید پڑھیں: وفاق، صوبے میں بی اے پی کا پی ٹی آئی سے اتحاد، جام کمال وزیراعلیٰ کے امیدوار

اس ضمن میں بی این پی مینگل کے مرکزی رہنما اور نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی ثنا بلوچ نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم ایم ایم اے اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر اتحادی حکومت تشکیل دینا چاہتے ہیں‘۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں صوبائی اسمبلی میں ایم ایم اے نے 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ بی این پی مینگل کے پاس صوبائی اسمبلی کی 7 نشستیں ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی کو صوبے میں اتحادی حکومت بنانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کے بعد سادہ اکثریت حاصل ہوگئی ہے، خیال رہے کہ بی اے پی کو بلوچستان اسمبلی کی 50 عام نشستوں میں 30 اراکین کی حمایت حاصل ہے، جس کے بعد بی اے پی کے سربراہ جام کمال وزیراعلیٰ کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں مخلوط حکومت کے لیے جوڑ توڑ تیز

تاہم اب پارٹی میں ہی ان کے نام پر اختلافات سامنے آگئے ہیں جبکہ جان محمد جمالی اور عبدالقدوس بزنجو بھی وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔

ادھر ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی بھی بی اے پی کی حمایت کا اعلان کرچکی ہے جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) نے بھی حکومت بنانے کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024