مشن امپاسیبل: فال آؤٹ کا پہلے ہی دن ریکارڈ
ہولی وڈ کے ایکشن ہیرو ٹام کروز کی شہرہ آفاق ایکشن فلم ‘مشن امپاسیبل: فال آؤٹ‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی کرکے نیا اعزاز حاصل کرلیا۔
‘مشن امپاسیبل: فال آؤٹ‘ کو 2 دن قبل یعنی 27 جولائی کو امریکا سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا، یہ پہلے ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ ٹام کروز کی فلم ریکارڈ کمائی کرے گی۔
ایکشن تھرلر اور خطرناک اسٹنٹ سے بھرپور فلم نے ریلیز ہوتے ہی مقامی باکس آفس پر ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے 2 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ڈھائی ارب روپے سے زائد کی رقم بٹوری۔
یہی نہیں بلکہ ٹام کروز کی اس فلم نے ریلیز سے قبل پریمیئر کے دوران بھی 60 لاکھ امریکی ڈالر یعنی 60 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ’مشن امپوسبل‘: ٹام کروز کے امپوسبل جنون کا زبردست مظاہرہ
‘مشن امپاسیبل: فال آؤٹ‘ پہلے ہی دن 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالرکمائی کے ساتھ ہی ٹام کروز کی وہ دوسری فلم بن گئی جس نے ریلیز کے پہلے دن اتنی کمائی کی۔
اس سے قبل ٹام کروز کی 2005 میں ریلیز ہونے والی فنٹیسی فلم ‘وار آف دی ورڈز‘ نے 2 کروڑ 31 لاکھ روپے کمائے تھے۔
باکس آفس موجو کے مطابق پہلے ہی دن اتنی کمائی کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ ٹام کروز کی فلم ابتدائی 3 دن میں ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔
‘مشن امپاسیبل: فال آؤٹ‘ نے نہ صرف امریکا بلکہ بھارت میں بھی پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے پہلے ہی دن کمائی کا ریکارڈ بناڈالا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹام کروز کی فلم نے بھارت سے پہلے ہی دن 9 کروڑ 50 لاکھ روپے بٹورے، جس وجہ سے وہ بھارت میں اب تک کی پہلے ہی دن کمائی کرنے والی چھٹی بڑی فلم بن گئی۔
اس فلم میں بھی ٹام کروز برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کے اہلکار کے روپ میں نظر آئیں ہیں، جو سپر ہیرو سے بھی لڑتے نظر آتے ہیں۔
فلم ساز کرسٹوفر مک کوری کی اس فلم میں ٹام کروز نہ صرف اداکاری کر رہے ہیں، بلکہ وہ اس کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔
فلم کی دیگر گاسٹ میں رابیکا فرگوسن، سائمن پیگ، مائیکل موناگن، ہینری کیول اور الیک بیلڈون سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اسی فلم کی شوٹنگ کے دوران خطرناک اسٹنٹ کرتے ہوئے ٹام کروز گزشتہ برس اگست میں زخمی بھی ہوگئے تھے۔
یہ سیریز کی چھٹی فلم ہے، اس سیریز کی پہلی فلم مشن امپاسیبل کے نام سے 1996 میں آئی تھی، دوسری چار سال بعد سال 2000، تیسری 2006، چوتھی 2011 اور پانچویں فلم 2015 میں ریلیز کی گئی تھی۔