مانسہرہ سے کامیاب آزاد امیدوار تحریک انصاف میں شامل
2018 کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف نے حکومت سازی کے عمل کا آغاز کرتے ہوئے رابطوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
اسی سلسلے میں صوبہ خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 13 سے کامیابی حاصل کرنے والے آزاد امیدوار صالح محمد نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
مانسہرہ سے قومی اسمبلی کی نشست جیتنے والے صالح محمد نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور پی ٹی آئی کی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا۔
صالح محمد نے این اے 13 سے دلچسپ مقابلے کے بعد 1 لاکھ 9 ہزار 262 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جہاں ان کے حریف اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار شاہ جہاں یوسف نے 1 لاکھ 7 ہزار 808 ووٹ لیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صالح محمد کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔
اس ملاقات کے موقع پر تحریک انصاف کے اہم رہنما پرویز خٹک، جہانگیر ترین اور سینیٹر اعظم سواتی بھی موجود تھے۔