انتخابی نتائج پر شدید تحفظات ہیں،رضاہارون
پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضاہارون نے کراچی اور حیدرآباد میں انتخابات کے نتائج کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ہورہا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ہارون نے کہا کہ آج کراچی اور حیدرآباد میں جو ہوا اس پر تحفظات ہیں کیونکہ کسی پولنگ ایجنٹ کو نتائج فراہم نہیں کیے گئے۔
انھوں نے کہا کہ جو ہو رہا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا،کسی بھی پولنگ اسٹیشن پرتصدیق شدہ نتیجے کی کاپی نہیں مل رہی، نتائج حاصل کرنا پولنگ ایجنٹ کا حق ہوتا ہے۔
رضا ہارون کا کہنا تھا کہ پی ایس پی کے پولنگ ایجنٹ پر بار باراعتراضات کیے گئے، ایجنٹس اور امیدوارپولنگ اسٹیشن کےباہر بیٹھے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سمیت چند دیگر جماعتیں بھی اسی طرح کی شکایات کا اظہار کر رہی ہیں۔