اگلاوزیراعظم کون ہوگا؟بلاول، عمران یا شہباز:بھارتی میڈیا کے تبصرے
ملک میں 11 ویں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے اور اس حوالے سے ملک میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
سخت سیکیورٹی کے باوجود بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے، جب کہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
پولنگ ختم ہونے کے بعد کون سی پارٹی جیتے اور کون وزیر اعظم بنے گا، اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
تاہم بھارتی میڈیا نے اپنی خبروں اور تجزیوں میں پاکستان کے اگلے ممکنہ وزیراعظم کی پیش گوئی کردی۔
India.com
بھارتی ویب سائٹ انڈیا ڈاٹ کام نے اپنی شہ سرخی میں لکھا کہ پاکستان کا اگلا وزیراعظم کون ہوگا، عمران خان، بلاول بھٹو یا پھر شہباز شریف؟
بھارتی ویب سائٹ اپنی تجزیاتی خبر میں پاکستان کی مقامی میڈیا اور مختلف سرویز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابات سے قبل ہونے والے سروے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حق میں جاتے ہیں۔
تاہم ساتھ ہی بتایا گیا کہ کچھ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی سیاسی پارٹی براہ راست حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں۔
انڈیا ڈاٹ کام نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) انتخابات کے بعد نتائج کو دیکھ کر اتحادی حکومت بنانے کے لیے کھیل کھیلتی نظر آئے گی۔
ہندوستان ٹائمز
ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کو اہم جگہ دی، ساتھ ہی اخبار نے پاکستانی انتخابات کے حوالے سے 10 اہم چیزیں بھی بتائیں۔
ہندوستان ٹائمز نے لکھا کہ پاکستانی انتخابات کے لیے ملک بھر میں 85 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جہاں پر 8 لاکھ سے زائد فوج اور پیراملٹری فورس کے اہلکار سیکیورٹی کی خدمات دیتے نظر آئیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 10 کروڑ سے زائد افراد اس بار ووٹ کاسٹ کریں گے۔
انڈیا ٹوڈے
انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں پاکستانی انتخابات کو ہولی وڈ فلم سے موازنہ کرنے کی کوشش کی اور لکھا کہ ہولی وڈ فلم ساز کو اس پر عکس بندی کرنے کی پیش کش کی جاسکتی ہے۔
انڈیا ٹوڈے اپنی رپورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی گرفتاری، دہشت گردی کے واقعات میں جاری انتخابی مہم اور انتخابات میں ممکنہ سیاسی پارٹیوں کی جیت پر بھی بات کی۔
انڈین ایکسپریس
انڈین ایکسپریس نے بھی اپنی خبر میں کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کو اہمیت دی، تاہم ساتھ ہی نشریاتی ادارے نے انتخابات میں ممکنہ فاتح سیاسی جماعت کے حوالے سے بھی تجزیہ کیا۔
اخبار نے اپنی رپورٹ میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی عام انتخابات میں تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔
ساتھ ہی اخبار نے یہ بھی لکھا کہ انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی اور آصف علی زرداری اتحادی حکومت بنانے کے لیے کھیل کھیلیں گے۔
ٹائمز آف انڈیا
ٹائمز آف انڈیا نے بھی اپنی خبر میں پولنگ کے دن بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کو اہمیت دی، ساتھ ہی اخبار نے انتخابات کے دن سیکیورٹی اور ممکنہ سیاسی جماعت کی فتح پر بھی بات کی۔
تبصرے (1) بند ہیں