• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جھانوی کپور بولی وڈ کی اگلی سپر اسٹار؟

شائع July 23, 2018
—فوٹو: جھانوی کپور فین انسٹاگرام
—فوٹو: جھانوی کپور فین انسٹاگرام

بولی وڈ کی آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور کی پہلی فلم ‘دھڑک’ 20 جولائی کو ریلیز کی گئی تھی، جس نے پہلے ہی دن ساڑھے 8 کروڑ روپے کماکر نیا ریکارڈ بنایا تھا۔

‘دھڑک’ ریکارڈ کمائی کے ساتھ بولی وڈ کے نئے اداکاروں کی وہ پہلی فلم بن گئی ہے، جس نے ریلیز کے پہلے دن 8 کروڑ 50 لاکھ سے زائد کی کمائی کی۔

ساتھ ہی فلم نے ابتدائی 3 دن کے اندر 25 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی ہے، جب کہ فلمی تجزیہ نگار، پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور اداکار اس کے ذریعے کیریئر کا آغاز کرنے والی جھانوی کپور کی تعریفیں کر رہے ہیں۔

اپنی تعریفیں کیے جانے کے بعد گزشتہ روز جھانوی کپور نے وضاحت کی تھی کہ وہ ابھی خود کو اسٹار نہیں سمجھتیں بلکہ وہ اس وقت اداکاری سیکھ رہی ہیں۔

—فوٹو: سری دیوی کپور انسٹاگرام
—فوٹو: سری دیوی کپور انسٹاگرام

لیکن فلمی پنڈت ان کی اداکاری کا موازنہ ان کی والدہ سے کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘ابھی خود کو اسٹار نہیں سمجھتی، اداکاری سیکھ رہی ہوں، جھانوی کپور

اسی حوالے سے جھانوی کپور کے والد اور سری دیوی کے شوہر بونی کپور نے پہلی بار کھل کر بات کی ہے اور بتایا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی اداکاری کو کس طرح دیکھ رہے ہیں۔

دکن کیرونیکل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بونی کپور نے انکشاف کیا کہ سری دیوی پہلے سے ہی جانتی تھیں کہ ان کی بیٹی کا موازنہ ان کی اداکاری سے کیا جائے گا۔

فلم پروڈیوسر کے مطابق اگرچہ سری دیوی اپنی بیٹی جھانوی کی اداکاری کے حوالے سے پریشان تھیں تاہم ساتھ ہی وہ انہیں اداکاری کے لیے تیار بھی کر رہی تھیں، کیوں کہ انہیں اندازہ تھا کہ شوبز کے لوگ دونوں ماں اور بیٹی کی اداکاری کے درمیان موازنہ کریں گے۔

ساتھ ہی بونی کپور نے انکشاف کیا کہ سری دیوی نے جھانوی کپور کو اس طرح تیار کیا کہ ان کا موازنہ ناگزیر بن گیا۔

—فوٹو: جھانوی کپور فین انسٹاگرام
—فوٹو: جھانوی کپور فین انسٹاگرام

جھانوی کپور اور سری دیوی کی اداکاری کے حوالے سے شبانہ اعظمی نے دکن کیرونیکل کو بتایا کہ اگرچہ دونوں ماں اور بیٹی کی اداکاریں میں کئی چیزیں ایک جیسی ہیں، تاہم جھانوی اپنی ماں سے مختلف اداکارہ ہیں۔

مزید پڑھیں: سری دیوی کی بیٹی نے پہلی فلم والدہ کے نام کردی

علاوہ ازیں دکن کیرونیکل سے بات کرتے ہوئے متعدد فلم سازوں اور فلمی تجزیہ نگاروں نے بھی جھانوی کپور کو اپنی والدہ سے بہتر اداکارہ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ بڑی اداکارہ کی بیٹی اسی طرح اپنے کیریئر کو آگے بڑھائے گی۔

—فوٹو: جھانوی کپور فین انسٹاگرام
—فوٹو: جھانوی کپور فین انسٹاگرام

دوسری جانب دکن کیرونیکل نے ہی اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ بونی کپور اب اپنی بیٹی کو اپنی ہوم پروڈکشن کے تحت بننے والی فلم میں متعارف کرائیں گے۔

بونی کپور کپور نے بتایا کہ ہوسکتا ہے کہ وہ جھانوی کپور کو ایک انتہائی بولڈ اور گلیمر کے کردار میں متعارف کرائیں۔

فلم ساز نے بتایا کہ ہوم پروڈکشن کے تحت بننے والی فلم میں جھانوی کپور کا کردار ان کی فلم ‘دھڑک’ سے مختلف ہوگا اور وہ گلیمر کردار میں نظر آئیں گی۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ جھانوی کپور کا کردار اپنی والدہ کی کامیاب ترین فلم مسٹر انڈیا میں ان کے کردار سے بھی بہتر ہوگا۔

—فوٹو: جھانوی کپور فین انسٹاگرام
—فوٹو: جھانوی کپور فین انسٹاگرام

تاہم انہوں نے فلم کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ دھڑک کی کامیابی کے بعد جھانوی کپور اپنے والد کی فلم سمیت متعدد فلموں میں نظر آئیں گی، انہوں نے پہلی فلم سے ہی کئی فلم سازوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

کئی لوگ اور فلمی ناقدین جھانوی کپور کو بولی وڈ کی اگلی سپر اسٹار کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں، تاہم خود جھانوی کپور کا ماننا ہے کہ ابھی وہ اداکاری سیکھ رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024