• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر کی 2 پروازوں کو بیرونِ ملک جانے سے روک دیا

شائع July 20, 2018

کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) اور شاہین ایئر انٹرنیشنل (سی اے آئی) کے درمیان ڈیڑھ ارب روپے کے واجبات کا تنازع شدت اختیار کرگیا اور سی اے اے نے شاہین ایئر کی بیرونِ ملک جانے والی 2 پروازیں روک دیں۔

اطلاعات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 2 پروازوں کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر روکا، جس میں سے ایک این ایل 768، لاہور سے مسقط جبکہ دوسری پرواز این ایل 892 لاہور سے کینٹن کے لیے اڑان بھرنے والی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین ایئرلائن اور سول ایوی ایشن کے درمیان ڈیڑھ ارب روپے کی ادائیگی پر تنازع

اس حوالے سے شاہین ایئر انٹرنیشنل کے ترجمان ذوہیب حسن نے بیان جاری کرتے ہوئے سی اے اے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سندھ ہائی کورٹ کے دیے گئے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے شاہین ایئر انٹرنیشنل کی جانب سے ہر 10 دن بعد ایک کروڑ روپے کی ادائیگی پر سی اے اے کو پروازیں نہ روکنے کی ہدایت کی تھی، ترجمان نے دعویٰ کیا کہ شاہین ایئر نے ادائیگی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: پائلٹس جعلی ڈگری کیس: ایئربلیو پر50ہزار شاہین ایئر پر ایک لاکھ روپے جرمانہ

تاہم جب اس ضمن میں ڈان نے سی اے اے کے ترجمان پرویز جارج سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر کی جانب سے واجبات ادا نہیں کیے جارہے جبکہ وہ سندھ ہائی کورٹ کی ہدایات کو غلط طریقے سے بیان کررہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پہلے ہی آگاہ کردیا تھا کہ سوائے سعودی عرب کے شاہین ایئر انٹرنیشنل کی بیرونِ ملک جانے والی تمام پروازوں کو روک دیا جائے گا جبکہ ملک کے اندر شاہین ایئر کا فلائٹ آپریشن اس سے متاثر نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین ایئر حادثہ: پائلٹ کراچی سے گرفتار

واضح رہے کہ چند روز قبل سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ شاہین ایئر انٹرنیشل کی جانب سے واجبات کی ادائیگی نہیں کی جارہی جس کے باعث ان کی سعودی عرب جانے والی پرواز کے علاوہ بیرونِ ملک جانے والی تمام پروازیں 16 جولائی کے بعد سے روک دی جائیں گی۔

اس ضمن میں شاہین ایئر انٹرنیشنل نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا کہ اگر وہ قسطوں کی صورت میں واجبات کی ادائیگی جاری رکھیں تو ان کی پروازیں نہ روکی جائیں۔


یہ خبر 20 جولائی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024