کینسر میں مبتلا سونالی نے بیٹے کو مرض کا کیسے بتایا؟
بولی وڈ معروف اداکارہ سونالی باندرے اس وقت کینسر جیسے خطرناک مرض سے لڑ رہی ہیں، تاہم اس مشکل وقت میں ان کی فیملی ان کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے۔
اداکارہ اپنے مرض سے متعلق مداحوں کو ہر گزرتے دن انسٹاگرام پر کبھی تصاویر تو کبھی کوئی اور پوسٹ شیئر کرکے آگاہ کررہی ہیں۔
جبکہ اداکارہ نے اب ایک اور نئی پوسٹ شیئر کی، جس میں وہ اپنے بیٹے رنویر کے ساتھ موجود ہیں۔
اس پوسٹ کے ذریعے اداکارہ نے بتایا کہ ان کے لیے اپنے کینسر کا بیٹے کو بتانا کتنا مشکل تھا۔
مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکارہ سونالی باندرے کینسر کا شکار
سونالی کے مطابق ان کا 12 سالہ بیٹے اس مشکل وقت میں ان کی طاقت بن چکا ہے۔
اداکارہ نے اپنی اور بیٹے کی تصویر ایک ساتھ شیئر کی، جس پر انہوں نے لکھا کہ ’12 سال 11 ماہ اور 8 دب قبل جب تم اس دنیا میں آئے، تو میری مکمل توجہ کا مرکز بن گئے، جب مجھے اپنے کینسر کا معلوم ہوا تو سب سے بڑی مشکل یہ تھی کہ تمہیں اس کے بارے میں کیا اور کیسے بتایا جائے‘۔
سونالی نے مزید لکھا کہ ’تم سے جھوٹ بولنے کے بجائے، میں نے اور گولڈی نے فیصلہ کیا کہ ہم ایمانداری سے تمہیں سب بتائیں گے، میرے بیٹے نے اس خبر کو بہت سمجھداری سے سنا اور اب وہ میرے مثبت سوچ کی وجہ اور میری طاقت بن چکا ہے، کبھی تو وہ میرا کردار اپناتے ہوئے مجھے بتاتا ہے کہ اب کیا کرنا چاہیے‘۔
یاد رہے کہ رواں ماہ اداکارہ سونالی باندرے نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا تھا ہے کہ انہیں خطرناک کینسر کا عارضہ لاحق ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ‘بعض اوقات جب آپ کم توقع رکھتے ہیں لیکن زندگی آپ کو ایک موڑ پر دھکیل دیتی ہے اور حال ہی میں مجھے ہائی گریڈ کینسر تشخیص ہوا ہے جو مجھ تک پہنچ ہوچکا ہے جس کو آتے ہوئے ہم نہیں دیکھ پاتے’۔
بولی وڈ اداکارہ نے کہا کہ ‘معمولی درد کے باعث کچھ ٹیسٹ ہوئے جن میں غیر متوقع تشخیص ہوئی جس کے بعد میرے اہل خانہ اور قریبی دوست میرے پاس آئے اور تعاون کیا جس کے لیے میں ان سب کا مشکور ہوں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘اس سے نمٹنے کے لیے فوری اور تیز کارروائی کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے اور نیویارک میں اپنے ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق زیرعلاج ہوں’۔
یہ بھی پڑھیں: سونالی باندرے کینسر کے علاج کے دوران ‘رو پڑیں‘
بعدازاں اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک نئی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان لوگوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا، جنہوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
43 سالہ اداکارہ نے چھوٹے بالوں میں اپنی نئی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی پسندیدہ چلی کی خاتون لکھاری اور ناول نگار ازابیل الیندے کا قول لکھا کہ ‘ہمیں اپنی طاقت کا اندازہ اس وقت نہیں ہوتا، جب تک ہم اپنی پوشیدہ طاقت کو سامنے نہیں لاتے‘۔
یاد رہے کہ 43 سالہ سونالی باندرے نے کیریئر کا آغاز 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم ’آگ’ سے کیا، انہوں نے 50 کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
سونالی باندرے کی مشہور فلموں میں ‘کل ہو نہ ہو، لجا، جس دیش میں گنگا بہتی ہے، ہمارا دل آپ کے پاس ہے، ڈھائی اکشر پریم کے، زخم، انگارے، میجر صاحب، دل جلے۔ بھائی، انگلش بابو، دیسی میم، ثپوت اور اپنے دم پر‘ شامل ہیں۔