رات کے کھانے کے وقت اور کینسر کے درمیان تعلق؟
کیا آپ جانتے ہیں کہ کھانے کے اوقات صحت پر کیا اثرات مرتب کرتے ہیں؟ کم از کم رات کے کھانے کا وقت کینسر جیسے جان لیوا مرض کا خطرہ بڑھانے یا اس سے بچاﺅ کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔
یہ دعویٰ اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
بارسلونا انسٹیٹوٹ فار گلوبل ہیلتھ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ رات کا کھانا رات 9 بجے سے پہلے یا کم از کم سونے سے 2 گھنٹے قبل کھانا چھاتی اور مثانے کے سرطان کا خطرہ کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
مزید پڑھیں : کینسر کی نشاندہی کرنے والی 10علامات
تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ رات 10 بجے کے بعد یا سونے سے کچھ دیر قبل کھانا کھاتے ہیں، ان کے مقابلے میں 9 بجے سے پہلے یا سونے سے 2 گھنٹے پہلے کھانا کھا لینے والے افراد میں مخصوص اقسام کے کینسر کا خطرہ 20 فیصد تک کم ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق رات کے کھانے کے وقت اور کینسر کے خطرے کے درمیان تعلق موجود ہے، جسمانی گھڑی اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اس تحقیق کے دوران رضاکاروں سے ان کے کھانے کے اوقات، سونے کی عادات کے وغیرہ میں پوچھا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ کینسر کے مریضوں میں اکثر رات گئے کھانے کی عادت پائی جاتی ہے، خصوصاً چھاتی اور مثانے کے کینسر کے شکار افراد کو رات گئے کھانے کی عادت میں تعلق دریافت کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : کینسر کے خطرات کم کرنے والی غذائیں
محققین کا کہنا تھا کہ رات گھے کھانے کی عادت نائٹ شفٹ میں کام کرنے اور جسمانی گھڑی کو متاثر کرنے جیسے اثرات کا باعث بنتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے نتائج کی مزید تصدیق کی جائے گی اور اگر ایسا ہوگیا تو کینسر کی روک تھام کے لیے دیئے جانے والے طبی مشوروں میں تبدیلی لائی جائے گی، کیونکہ ابھی اس حوالے سے کھانے کے اوقات کو مدنظر نہیں رکھا جاتا۔