• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

زمبابوے کے خلاف فتح، پاکستان نے28سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

شائع July 18, 2018 اپ ڈیٹ July 23, 2018

بلاوایو: پاکستان نے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے میچ میں 9وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا 28سال پرانا ریکارڈ توڑدیا۔

قومی ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں بقیہ گیندوں کے اعتبار سے بڑی فتح کا نیا ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

گرین شرٹس نے زمبابوے کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 241 گیندوں قبل ہی فتح حاصل کر کے یہ سنگ میل عبور کیا اور 28سال پرانا ریکارڈ توڑدیا۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے 1990 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں 206 گیندیں قبل ہدف حاصل کر کے ملکی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں گیندوں کے اعتبار سے بڑی فتح کا عالمی اعزاز انگلینڈ کے پاس ہے جس نے 1979 میں کینیڈا کے خلاف 277 گیندیں قبل میچ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے فہیم اشرف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت زمبابوے کو تیسرے ون ڈے میچ میں محض 68رنز پر ٹھکانے لگا دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلی ہی گیند پر امام الحق کا نقصان برداشت کرنا پڑا لیکن فخر زمان اور بابر اعظم نے اس کے بعد مزید کسی نقصان کے بغیر 10ویں اوور میں ہدف تک رسائی دلا کر پاکستان کو میچ میں 9وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس میچ میں فتح کی بدولت پاکستان نے 5میچوں کی سیریز میں بھی 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024