این اے 151 سے پیپلز پارٹی کے اُمیدوار کی نااہلی برقرار
سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 151 (خانیوال) سے اُمیدوار ہمایوں خان کی نااہلی کا فیصلہ بر قرار رکھنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ ہمایوں خان کے ذمے 13 لاکھ کے واجبات تھے، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ ہمایوں خان واجبات کی ادائیگی کے بعد اہل ہوسکتے ہیں۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے اہلیت سے متعلق ہمایوں خان کی درخواست خارج کر دی، خیال رہے کہ الیکشن ٹریبیونل نے سوشل سیکیورٹی کا ڈیفالٹر ہونے پر ہمایوں خان کو نااہل قرار دیا تھا۔
جس کے بعد ہمایوں خان نے الیکشن ٹریبیونل کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا تاہم عدالت عالیہ نے الیکشن ٹریبیونل کے نا اہلی کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
ہمایوں خان نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تاہم عدالت عظمیٰ نے بھی ان کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔
رپورٹ: حسیب بھٹی