• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

’مخالف نے مجھے والد کی کمزوری بنانا چاہا لیکن میں طاقت بن کر ابھری‘

شائع July 15, 2018

راولپنڈی: سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ مخالفین نے مجھے میرے والد کی کمزوری بنانا چاہا مگر میں اپنے والد کی طاقت بن کر ابھری ہوں۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مریم نواز نے جیل سے ایک آڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ’آپ کو معلوم ہے کہ میں اپنی والدہ کو شدید بیماری میں اکیلا چھوڑ کر آئی ہوں‘۔

انہوں نے بتایا کہ میں جب اپنے والد کے ہمراہ لندن پہنچی تو میری والدہ انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج تھیں، ہماری واپسی پر انہوں نے چند لمحوں کے لیے آنکھیں کھولیں مگر ہماری ان سے بات نہ ہوسکی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں یہاں قانون کے آگے سر جھکانے اور جیل کاٹنے وطن واپس آگئی ہوں، تاہم قوم سے اپیل ہے کہ وہ میری والدہ کی صحت یابی کے لیے دعا کرے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف، مریم نواز گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل منتقل

اپنی سزا سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ ’میں قید میں اس لیے نہیں ہوں کہ میں نے کوئی جرم نہیں کیا بلکہ میرا قصور صرف یہ ہے کہ میری رگوں میں نواز شریف کا خون ہے‘۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں ایک بہادر باپ اور بہادر قوم کی دلیر بیٹی ہوں، مخالفین نے مجھے نواز شریف کی کمزوری بنانا چاہا مگر میں اپنے والد کی طاقت بن کر ابھری ہوں۔

مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’میں اگر جیل میں نہ ہوتی تو آپ کی تاریخی اور فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہوتی، لیکن اس کے باوجود ہر لمحہ آپ کی بیٹی آپ کے ساتھ ہے‘۔

انہوں نے پاکستان کے عوام سے اپیل کی کہ الیکشن کی بھرپور تیاری کریں، اور گھر گھر ’ووٹ کو عزت دو‘ کا پیغام پہنچائیں۔

یہ بھی پڑھیں: گرفتاری کے بعد مریم نواز کا بے نظیر بھٹو سے موازنہ

خواتین سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’میری بہنیں اور میری بیٹیاں اس جنگ کا ہر اول دستہ بنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے مریم نواز ایک حلقے سے الیکشن لڑ رہی تھی مگر اب ملک کے 272 حلقوں سے الیکشن لڑ رہی ہے۔

واضح رہے کہ 13 جولائی کو سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے لاہور ایئرپورٹ سے حراست میں لے کر اسلام آباد پہنچایا جہاں سے دونوں کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024