حالیہ بم دھماکے انتخابات ملتوی کرانے کی سازش ہے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ حالیہ بم دھماکے انتخابات ملتوی کرانے کی سازش ہے۔
صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’بم دھماکوں کی سازش ملک سے باہر ہوتی ہے لیکن ساتھ اندر والے دیتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان میں ہونے والا انتخابی عمل پرامن نہیں دیکھنا چاہتے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے امیدوار کے قافلے میں بم دھماکے سے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 128 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
حالیہ انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کو نشانہ بنائے جانے کا یہ چوتھا واقعہ تھا۔
جمعہ کی صبح ہی خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سابق وفاقی وزیر اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی کے قافلے کے قریب بم دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے تاہم سابق وزیر محفوظ رہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’کچھ لوگ چاہتے ہیں پاکستان میں فساد ہو اور الیکشن والے دن لوگ نہ نکلیں، مجھے کہا گیا آپ کی جان کو خطرہ ہے اور صوابی، مردان اور ٹیکسلا کا جلسہ منسوخ کر دو، خطرہ ہے تو کیا بنی گالہ میں جاکر بیٹھ جاؤں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نہ ڈرنے والے ہیں نہ جھکنے والے، ہم جلسے نہیں روکیں گے اور بم دھماکوں کے باوجود 23 جولائی تک جلسے کرتے رہیں گے۔‘
عمران خان نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’کبھی ایسے شخص کو لیڈر نہ مانیں جس کا پیسہ، جائیداد اور کاروبار ملک سے باہر ہو، جبکہ جن لوگوں کا جینا مرنا پاکستان سے باہر ہو وہ عوام سے مخلص کیسے ہوں گے.‘
اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم نواز شریف اور بیٹوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف ملک کے تین بار وزیر اعظم بنے، ان کے بیٹوں کی کمپنی اکاونٹس میں 300 ارب روپے سے زائد ہیں، نیب نے جب بیٹوں سے کہا ہمیں آکر بتائیں کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم پاکستان کے شہری ہی نہیں ہیں۔‘
سابق صدر آصف زرداری کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’آصف زرداری بتائیں کہ ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا، یہ پاکستانی عوام کا پیسہ تھا جو ملک سے باہر چلا گیا۔‘