بلوچستان: پی بی 35 کے امیدوار سراج رئیسانی کی انتخابی مہم میں دھماکا
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سابق وزیراعلیٰ اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کےامیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی انتخابی مہم کے دوران خود کش حملے میں جاں بحق ہوگئے۔
لیویز ذرائع کا کہنا تھا کہ مستونگ میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 35 میں بی اے پی کے امیدوار سراج رئیسانی کی کارنر میٹنگ کو نشانہ بنایا گیا۔
اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی نگران وزیرداخلہ آغا عمر بنگلزئی کا کہنا تھا کہ ‘میر سراج رئیسانی زخمی ہوئے تھے اور انھیں کوئٹہ منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ دم توڑ گئے’۔
بلوچستان کے سول ڈیفنس ڈائریکٹر اسلم ترین اور صوبائی وزیر داخلہ دونوں نے اس حملے کو خود کش قرار دے دیا۔
اسلم ترین کا کہنا تھا کہ حملے میں 8 سے 10 کلو گرام بارودی مواد اور بال بیرنگز استعمال کی گئیں۔
نواب سراج رئیسانی بلوچستان متحدہ محاذ کے سربراہ تھے جس کی بنیاد 1970 میں نواب غوث بخش رئیسانی نے رکھی تھی تاہم رواں سال جون میں وہ بی اے پی میں شامل ہوئے اور پارٹی کو بھی ضم کردیا۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں۔