• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عمران خان کا نواز شریف، نریندر مودی ‘دوستی’ پر طنز

شائع July 13, 2018 اپ ڈیٹ July 14, 2018

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے سوشل میڈیا پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی دوستی پر طنز کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں پر مسلم لیگ (ن) کی حمایت بڑھانے کے لیے سرحدی کشدیدگی اور دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کا الزام عائد کردیا۔

عمران خان نے کہا ہے کہ یہ کیسا اتفاق ہے کہ جب نواز شریف مشکل میں آتے ہیں تو سرحدی کشیدگی بڑھ جاتی ہے اور دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جب بھی سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف مشکل کا شکار ہوتے ہیں تو پاکستان کی سرحد پر کشیدگی میں اضافہ کیوں ہوتا ہے اور ملک کے اندر دہشت گردی کے واقعات شروع کیوں ہوجاتے ہیں؟

تحریک انصاف کے سربراہ نے مزید سوال کیا کہ کیا یہ محض اتفاق ہے؟

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں عمران خان نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما اکرم خان درانی پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

مزید پڑھیں: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم خان درانی کے قافلے پر حملہ، 4 ہلاک

عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ 25 جولائی کے انتخابات کو سبوتاژ کرنے کے لیے کسی سازش کا ڈول ڈالا جارہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ عوام ایسی کسی بھی سازش کو 25 جولائی کو ہونے والے تاریخی انتخابات کی راہ میں حائل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔

خیال رہے کہ 6 جولائی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں مجرم قرار دے کر سزا سنائی تھی۔

نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 سات سال جبکہ ان کے کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال کی سزا سنائی گئی تھی جنہوں نے راولپنڈی میں نیب حکام کو اپنی گرفتاری پیش کی تھی۔

واضح رہے کہ مذکورہ فیصلے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے 2 بڑے واقعات رونما ہوئے جن میں سے پہلا واقعہ 10 جولائی کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی انتخابی مہم کے دوران پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: اے این پی کی انتخابی مہم کے دوران دھماکا، ہارون بلور سمیت 20 جاں بحق

بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے رہنما ہمایوں اختر نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا، ہمایوں اختر نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور اپنی وفاداری کا یقین دلایا۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) پر پنجاب میں نقص امن کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو عدالت نے مجرم قرار دیا ہے۔


یہ خبر 14 جولائی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024