حب: پی ٹی آئی کے انتخابی کیمپ پر کریکر حملہ
بلوچستان کے علاقے حب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی۔49 اور قومی اسمبلی کا حلقہ این اے-272 کے امیدوار کے کیمپ میں کریکر حملہ کیا گیا تاہم کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ایس ایس پی لسبیلہ آغا رمضان علی نے دھماکے کے فوری بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لگایا گیا کیمپ غیر قانونی ہے کیونکہ اس کے لیے ڈپٹی کمشنر سے اجازت نہیں لی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ خوف پھیلانے کے لیے دیسی ساختہ کریکر بم پھینک گیا ہے جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے تاہم دھماکے کی جگہ سے کچھ مواد ملا ہے۔
ایس ایس پی لسبیلہ نے کہا کہ اب اس کیمپ کو بند کررہے کیونکہ یہ غیر قانونی کیمپ ہے اور اگر انتظامیہ سے اجازت لے کر کیمپ لگایا جاتا تو ہم اس کو ضرور سیکورٹی فراہم کردیتے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے کارکنوں نے دھماکے کے بعد کوئٹہ-کراچی شاہراہ کو بلاک کرکے احتجاج کیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
پی ٹی آئی کے کارکنان نے کریکر حملے پر نعرے بازی کی بعد ازاں انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
رپورٹ: اسمٰعیل ساسولی