نواز شریف،مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ پر ہی گرفتار کرلیا جائے گا،ذرائع
سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچتے ہی گرفتار کرکے قومی احتساب بیورو (نیب) حکام کے حوالے کردیا جائے گا۔
باوثوق ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ یہ فیصلہ سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی چیف سیکریٹری، انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس، نیب لاہور کے ڈائریکٹر جنرل، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل اور چیف کمشنر اسلام آباد نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کرکے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد لے جایا جائے گا۔
اجلاس میں شریک حکام نے فیصلہ کیا کہ اگر دارالحکومت میں سیکیورٹی کی صورتحال سازگار رہی تو دونوں کو اسی روز احتساب عدالت میں بھی پیش کیا جائے گا۔
سیکورٹی کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر دونوں رہنمائوں کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا جائے گا اور وہیں جج سے جوڈیشل ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس کے شرکا نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کی مدد طلب کرنے پر بھی غور کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 سال قید بامشقت
واضح رہے کہ لندن میں موجود نواز شریف اور مریم نواز کی 13 جولائی بروز جمعہ کو پاکستان واپسی شیڈول ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے دونوں کو ایون فیلڈ کرپشن ریفرنس میں قید کی سزا سنائی تھی۔
عدالت کی جانب سے نواز شریف پر 80 لاکھ پاؤنڈز اور مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈز کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد نیب نے دونوں کے وارنٹ گرفتاری بھی حاصل کر لیے تھے۔
نگراں وزیر قانون و اطلاعات علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’اگر نواز شریف اور مریم نواز پاکستان آنے سے قبل اپنی ضمانت نہیں کراتے تو انہیں پاکستان کے کسی بھی ایئرپورٹ پر اترتے ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔‘
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کہہ چکے ہیں کہ وہ ان کی بیٹی جمعہ کو لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے اور پاکستان پہنچنے کے بعد ہی اپنے مستقبل سے متعلق لائحہ عمل طے کریں گے۔‘
گزشتہ روز نیب حکام نے نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو بھی راولپنڈی سے گرفتار کرکے انہیں جیل بھیج دیا تھا۔
احتساب عدالت نے انہیں بھی ایون فیلڈ ریفرنس میں اعانت کا جرم ثابت ہونے پر ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔