نواز شریف، مریم نواز کی گرفتاری کیلئے متبادل طریقوں پر غور
لاہور: ایون فیلڈ ریفرنس میں ایک سال کی سزا پانے والے مجرم اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی گرفتاری کے موقع پر پیش آنے والی مشکلات کے پیش نظر قومی احتساب بیورو (نیب) نے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو گرفتار کرنے کے لیے 2 ممکنہ نکات پر سوچ و بچار شروع کردیا تاکہ دوبارہ خفت سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال قید با مشقت سزا سنائی ہے، اسی کیس کے تیسرے مجرم کیپٹن (ر) محمد صفدر ریلی کی شکل میں راولپنڈی کے لیاقت باغ پہنچے تھے جہاں وہ نیب حکام کو اپنی گرفتاری پیش کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایون فیلڈ ریفرنس کے مجرم کیپٹن (ر) صفدر اڈیالہ جیل منتقل
گزشتہ دنوں مریم نواز نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے والد کے ہمراہ برطانیہ سے پاکستان (لاہور) 13 جولائی کو واپس پہنچیں گے۔
اس حوالے سے بتایا گیا نیب کی جانب سے نگراں حکومت کو ایک ہیلی کاپٹر کے لیے مراسلہ ارسال کیا جا سکتا ہے جس میں نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر اسلام آباد پہنچایا جا سکے۔
دوسرا ممکنہ نکتہ یہ ہے کہ نیب حکومت سے درخواست کرے گی کہ فضائی پرواز کا روٹ وفاقی حکومت کی جانب موڑ دیا جائے تاکہ ایون فیلڈ ریفرنس کے دونوں مجرموں کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا جائے۔
ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ’لاہور نیب ڈائریکٹر جنرل شہزاد سلیم نے نیب چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو خط لکھا جس میں درخواست کی گئی ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے لیے ایک ہیلی کاپٹر فراہم کیا جائے‘۔
مزید پڑھیں: نواز شریف 25 جولائی سے پہلے پاکستان آئیں گے،مسلم لیگ (ن)
انہوں نے کہا کہ لاہور نیب کے چیف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں مجرموں کو لاہور ہوائی اڈے سے اسلام آباد بذریعہ روڈ لے جانے میں ’غیر معمولی سیکیورٹی درکار‘ ہو گی۔
شہزاد سلیم کا کہنا تھا کہ ’متعلقہ ادارے کو بذریعہ سڑک، مجرموں کو لے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے اس لیے ہیلی کاپٹر فراہم کیا جائے‘۔
اس حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ ’دونوں مجرموں کو احتساب عدالت میں پیش کرکے راولپنڈی اڈیالہ جیل منتقل کردیا جائے گا‘۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ ’نیب چیئرمین اس معاملے پر وفاقی حکومت سے فوری بات چیت کریں گے‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’نیب کی عمارت کو بارود بھری گاڑی سے نشانہ بنائے جانے کی دھمکی‘
دوسری جانب نیب نے لاہور پولیس چیف کو نیب ٹیم کے لیے اضافی سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مراسلہ لکھ دیا ہے، نیب نے لکھا کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے والی نیب ٹیم کے لیے سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ڈان کو تبایا کہ پارٹی کے صدر شہباز شریف کی رہنمائی میں کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں جو نواز شریف اور مریم نواز کا ’تاریخی استقبال‘ کریں گے۔
یہ خبر 10 جولائی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی