بلاول بھٹو کو قافلے کے ساتھ اچ شریف جانے سے روک دیا گیا
پنجاب پولیس نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو قافلے کے ساتھ اچ شریف جانے سے روک دیا گیا بعد ازاں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی تحریری اجازت نامہ کے بعد پولیس نے انھیں درگاہ میں حاضری کی اجازت دی۔
بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ کھوکھر کے مطابق بلاول بھٹو اچ شریف میں مخدوم پیر جلال الدین کے مزار پر حاضری دینا چاہتے تھے کہ پنجاب پولیس نے انھیں روک دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب کے احکامات ہیں جس کے تحت روکا جا رہا ہے۔
پی پی پی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹوزرداری کو اچ شریف میں جلسہ عام سے بھی خطاب کرنا ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں کارکنان جلسہ گاہ میں بلاول بھٹوزرداری کے منتظر ہیں۔
پولیس کے اقدام پر پنجاب پولیس کے خلاف جیالوں نے شدید احتجاج کیا۔
پی پی پی رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمٰن نے ٹویٹ میں کہا کہ انتخابی مہم چلانا ہرامیدوار کاحق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹوکی جانب سے پنجاب میں مہم چلانے پر خائف قوتیں اوچھے ہتھکنڈوں پراترآئی ہیں۔