• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

اچھی صحت کے لیے اس موسم کا بہترین پھل

شائع May 24, 2019
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

کون ہوگا جسے مزیدار اور کھٹے میٹھے آڑو پسند نہیں ہوں گے؟

منہ کا ذائقہ بہتر کرنے کے ساتھ یہ صحت کے لیے بھی فائدہ مند پھل ہے۔

کیا آپ کو معلوم ہے کہ آڑو میں پوٹاشیم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو اعصاب اور پٹھوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیتی ہے؟

اسی طرح یہ جسم کے مختلف حصوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔

جسمانی وزن میں کمی کے لیے بہترین

صبح ناشتے میں آڑو کھانا پیٹ کو دیر تک بھرا رکھتا ہے جبکہ اس پھل میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں۔ آڑو فائبر کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہے جو کہ جسمانی وزن میں کمی میں مدد دینے والا جز ہے۔

جلد کے لیے فائدہ مند

آڑو وٹامن اے سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ جلد کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے جبکہ یہ پھل جلد کی رنگت کو بھی بہتر بناتا ہے۔اس میں موجود وٹامن سی جھریوں کا امکان کم کرتا ہے، جلد کی ساخت بہتر اور اسے دھوپ و آلودگی سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق وٹامن سی عمر بڑھنے سے جلد میں آنے والی تبدیلیوں کی روک تھام کرتا ہے۔

دل کا دوست

آڑو میں بائیو ایکٹو کمپاﺅنڈ کا منفرد امتزاج ہے جو کہ خون کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ کم کرتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق میٹھے مشروبات کی بجائے پولی فینول سے بھرپور پھل آڑو کو ترجیح دینا امراض قلب کا خطرہ کافی حد تک کم کرتا ہے۔ اس میں موجود فائبر اور پوٹاشیم بھی دل کی صحت کو بہتر بناتے ہیں، اسی طرح اس پھل میں موجود اجزا بلڈ پریشر کو مستحکم رکھ کر بھی امراض قلب کا خطرہ کم کرتے ہیں۔

نظام ہاضمہ بہتر کرے

جیسا اوپر ذکر کیا جاچکا ہے کہ اس پھل میں فائبر موجود ہے جو کہ نظام ہاضمہ کو ریگولیٹ اور بہتر بناتا ہے، اسی طرح یہ پھل گردوں اور مثانے کی صفائی کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہاضمے کی گڑبڑ سے بچاؤ کے گھریلو ٹوٹکے

بینائی کو بھی فائدہ پہنچائے

اس پھل میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جیسے لیوٹین وغیرہ اسے آنکھوں کی صحت کے لیے بہترین بناتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق اس پھل میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس آنکھوں کو روشنی سے قرینے کو پہنچنے والے نقصان سے بچنے میں مدد دیتے ہیں۔ اسی طرح لیوٹین عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والے آنکھوں کے امراض کا خطرہ بھی کم کرتا ہے۔

ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہوسکتا ہے

اکثر ذیابیطس کے مریضوں کو کاربوہائیڈریٹس کے استعمال سے روکا جاتا ہے، لیکن یہ درست نہیں، بس مقدار کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ ایک آڑو سے جسم کو 15 گرام کاربوہائیڈریٹس حاصل ہوتے ہیں، جبکہ اس میں موجود دیگر اجزا مجموعی صحت کو بہتر رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ ذیابیطس کے مریض اس پھل کی کچھ مقدار روز کھا کر اپنی صحت کو بہتر بناسکتے ہیں۔

ورم کش

ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ آڑو ورم کش خصوصیات رکھتا ہے، اس میں موجود وٹامن سی جسمانی ورم پر قابو پانے میں مدد دیتا ہے، یہ خاص طور پر موٹاپے کے شکار افراد یا ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ ایک اور تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامن سی دمہ کے شکار افراد کے ورم کے علاج میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

خون کی کمی دور کرے

عام طور پر جسم میں خون کی کمی کی بڑی وجہ آئرن کی کمی ہوتی ہے، آڑو آئرن کے حصول کے لیے بہترین ذرائع میں سے ایک ہے۔ اسی طرح خون کی کمی اکثر وٹامن سی کی کمی کا نتیجہ بھی ہوتی ہے کیونکہ اس کی وجہ سے جسم میں آئرن کے جذب ہونے کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ آڑو آئرن اور وٹامن سی سے بھرپور پھل ہے اور اس طرح اینیما پر قابو پانے کے لیے اسے بہترین ثابت کرتا ہے۔

عمر کے اثرات دور کرے

آڑو کا ایک بڑا فائدہ اس میں موجود فلیونوئڈز میں چھپا ہے جو کہ عمر بڑھنے سے جسم میں آنے والی تبدیلیوں کی رفتار سست کرتے ہیں۔ اس میں موجود وٹامن سی بڑھتی عمر کے باوجود جسم پر اس کے اثر کو ظاہر نہیں ہونے دیتا۔ آڑو میں وٹامن ای بھی موجود ہے جو کہ جلد کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

ذہنی تناﺅ کم کرے

ایک تحقیق کے مطابق آڑو ذہنی تناﺅ میں کمی لانے کے لیے بھی بہترین ہے، یہ ذہنی بے چینی یا تشویش کو بھی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ہڈیاں اور دانت مضبوط بنائے

آڑو میں موجود وٹامن سی دیگر فوائد کے ساتھ ساتھ ہڈیوں اور دانتوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے اور ان کی نشوونما بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مضبوط بناتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024