• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بیوروکریسی میں بڑی تبدیلیاں، چیئرمیں ایف بی آر کا بھی تبادلہ

شائع June 27, 2018

اسلام آباد: نگراں حکومت کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر )، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اینڈ انفارمیشن اور داخلہ کی وزارتوں میں اعلیٰ بیوروکریٹس تبدیل کردیے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اعلیٰ بیورو کریٹس کے علاوہ اب تک 2 ہزار سے زائد صوبائی بیوروکریٹس کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 5 سالہ دور حکومت میں وفاقی کابینہ میں اپنے منظورِ نظر لوگوں کو تعینات کیا گیا تھا لیکن نگراں حکومت اعلیٰ بیورو کریسی میں تبدیلی کے معاملے پر ہچکچاہٹ کا شکار نظر آرہی ہے۔

مزید پڑھیں: چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز تبدیل

اس حوالے سے 13 جون کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے وزیراعظم سیکریٹریٹ اور الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کو معمول کے تبادلے اور تقرریوں کے لیے ایک سمری ارسال کی گئی لیکن عبوری حکومت اس معاملے پر مداخلت کرتی نظر آئی۔

تاہم الیکشن کمیشن کے اصرار پر عبوری حکومت کی جانب سے کچھ بیوروکریٹس کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت انتخابات کی تاریخ مقرر ہونے کے ساتھ ہی حکومت کو سینئر کیڈرز میں تقرری اور تبادلوں سے متعلق الیکشن کمیشن سے پیشگی منظوری لینا ہوگی۔

ادھر نگراں حکومت کی جانب سے بیوروکریسی میں پہلی تبدیلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے تقرر کیے گئے سیکریٹری خزانہ عارف احمد خان، کامرس سیکریٹری یونس دھاگا اور سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ شعیب صدیقی کو شامل نہیں کیا گیا۔

اس کے علاوہ اسی کئی سرکاری خالی آسامیاں ہیں جہاں مسلم لیگ (ن) کے منظور نظر بیوروکریٹس کو گزشتہ 5 سال کے دوران تعینات کیا گیا تھا۔

نگراں حکومت کی جانب سے کی گئی تبدیلیوں میں سب سے بڑی تبدیلی ایف بی آر کے چیئرمین طارق محمود پاشا کی گئی اور انہیں سیکریٹری شماریات تعینات کردیا گیا جبکہ ان کی جگہ رخصانہ یاسمین کو تعینات کیا گیا۔

واضح رہے کہ رخصانہ یاسمین تعیناتی کے بعد اس اہم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی پہلی خاتون سربراہ بن گئی ہیں جبکہ یہ دونوں شخصیات یکم جولائی سے اپنے عہدوں پر فرائض انجام دیں گے۔

اس کے علاوہ صوبائی بیوروکریسی میں تبدیلی کو دیکھا جائے تو 3 انسپکٹر جنرلز ( آئی جی ) پولیس کو خصوصی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کے آئی جی کیپٹن (ر) عارف نواز کو سیکریٹری نارکوٹکس ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات 2018: صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور پولیس سربراہان کی تبدیلی متوقع

اسی طرح چاروں صوبائی سیکریٹریز کو وفاقی سیکریٹریٹ میں جگہ دی گئی ہے اور سابق چیف سیکریٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید کو سیکریٹری نیشنل ہیلتھ سروسز، سابق چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن کو سیکریٹری پاور ڈویژن، سابق چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق کو سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور سابق چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو ایڈیشنل سیکریٹری (ان چارچ ) اسٹیٹس اینڈ فرنٹیئر ریجن تعینات کیا گیا۔

نگراں حکومت کی جانب سے کیے گئے تبادلوں میں سیکریٹری اطلاعات سردار احمد نواز سکھیرا کو فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ ڈویژن کا سیکریٹری جبکہ سیکریٹری توانائی یوسف نسیم کھوکر کو سیکریٹری داخلہ تعینات کیا گیا۔

اس کے علاوہ سیکریٹری داخلہ ارشاد مرزا کو سیکریٹری اطلاعات جبکہ ایک اور سینئر بیورو کریٹ محمد جہانزیب خان کو سیکریٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ تعینات کیا گیا جو 4 جولائی سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024