آئی ایس پی آر نے عوام کو ’جعلی کالز‘ سے متعلق خبردار کردیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج کے افسران ظاہر کر کے عام عوام کو جعلی فون کالز کی جارہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایسے افراد مردم شماری کے عمل کے دوران فراہم کی معلومات کی تصدیق کا بہانہ بنا کر لوگوں کی ذاتی معلومات جیسا کہ شناختی کارڈ نمبر اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
بیان میں عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسی کسی کال کا جواب نہ دیں اور کال آنے کی صورت میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 1135 یا 1125 پر فوری رپورٹ کریں۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب آئی ایس پی آر کی جانب سے عوام کو ان جعلی فون کالز سے متعلق خبردار کیا گیا ہے۔
رواں سال جنوری میں بھی لوگوں کو اسی طرح کی فون کالز موصول ہونے کے بعد آٓئی ایس پی آر نے وارننگ جاری کی تھی۔
بعد ازاں مارچ میں بھی ایسا ہی معاملہ سامنے آیا تھا۔
اس کے علاوہ گزشتہ ماہ ملٹری وِنگ نے لوگوں کو آئی ایس پی آر کے نام سے ’جعلی ای میلز‘ بھیجے جانے پر بھی عوام کو خبردار کیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے وضاحت کی تھی ’ان جعلی ای میلز کا پاک فوج کے ملٹری ونگ سے کوئی تعلق نہیں اور انٹرنیٹ صارفین [email protected] سے موصول ہونے والی ای میل ڈیلیٹ کردیں اور اسے اسپیم رپورٹ کریں۔