’عمران خان کے خلاف چوہدری افتخار کی اپیل مسترد‘
سندھ الیکشن ایپلٹ ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقے 243 کے لیے انتخابات کی اجازت دے دی۔
واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف درخواست سابق چیف جسٹس چوہدری افتخار کی سیاسی تنظیم جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی (پی جے ڈی پی) کی طرف سےجمع کرائی گئی تھی۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنے بیرونی سفر، بچوں کے اخراجات اور اپنی مبینہ بیٹی کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی۔
خیال رہے کہ کراچی کی این اے 243 میں گلشن اقبال اور جمشید کوارٹرز کے کچھ حصے شامل ہیں، دوسری جانب پی ٹی آئی کے سربراہ کے خلاف اپیلیں این اے 95 (میانوالی) اور این اے 53 (اسلام آباد) ٹربیونل میں زیر غور ہیں۔