• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت: گائے ذبح کرنے کے الزام میں تشدد سے ایک اور مسلمان جاں بحق

شائع June 20, 2018 اپ ڈیٹ June 21, 2018

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں مشتعل ہجوم نے مبینہ طور پر گائے ذبح کرنے کا الزام لگا کر 2 مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق واقعہ دہلی سے 70 کلومیٹر دور ایک گاؤں میں پیش آیا۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 45 سالہ قاسم کے نام سے کی گئی جبکہ مقامی ہسپتال میں زیر علاج زخمی شخص کی شناخت 65 سالہ سامایودین کے نام سے ہوئی۔

مزید پڑھیں: بھارت: گائے ذبح کرنے کا الزام، ایک اور مسلمان تشدد سے جاں بحق

قاسم کی لاش کے قریب لوگ موجود ہیں — اسکرین شاٹ
قاسم کی لاش کے قریب لوگ موجود ہیں — اسکرین شاٹ

واقعے کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ کچھ افراد سے تلخ کلامی کے بعد مشتعل ہجوم نے دونوں افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ادھر انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ متاثرہ خاندان اور گرفتار ملزمان نے الزام لگایا کہ ہجوم نے دونوں افراد پر مبینہ طور پر گائے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر حملہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ مذکورہ واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی ہے جس میں قاسم کو ہجوم کے سامنے تشدد کے بعد جان کی بازی ہارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر قاسم شدید درد کے باعث چلا رہا تھا جبکہ ہجوم میں موجود کسی بھی فرد نے اس کی مدد نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: ’گائے کے گوشت‘ پر قتل:بھارت میں 11 مجرمان کو عمر قید

اس ویڈیو میں ایک شخص کو یہ کہتے بھی سنا گیا کہ ’تم نے اسے مارا اور اس پر تشدد کیا، لیکن اب بہت ہو چکا، یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس کے نتائج بھی ہوسکتے ہیں‘۔

اس ویڈیو میں ایک اور شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’اگر ہم 2 منٹ تاخیر سے آتے یہ لوگ گائے کو ذبح کرچکے ہوتے‘ تاہم واضح رہے کہ ویڈیو میں کہیں بھی کوئی گائے نظر نہیں آرہی۔

پولیس رپورٹ کے مطابق سامایودین کے اہل خانہ کے حوالے سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ وہ گائے ذبح کرنے میں ملوث ہیں۔

سینئر پولیس افسر پون کمار نے بتایا کہ ’گاؤں سے گزرنے والے 2 موٹر سائیکل سواروں اور مقامی افراد کے درمیان راستے سے گزرنے پر تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد مقامی افراد نے ان پر حملہ کیا اور ان میں سے ایک کو تشدد کر کے ہلاک کردیا‘۔

مزید پڑھیں: 'گائے ذبح کرنے پر عمر قید کی سزا'

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے 2 افراد کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق گائے کے ذبح کیے جانے کے حوالے سے افواہیں بھی گردش کررہی ہیں اور ان کی تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ ہندو اکثریتی آبادی والے بھارت میں گائے کے ذبح اور اسمگلنگ کے حوالے سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کی لہر دیکھی جاچکی ہے، جہاں جھارکھنڈ سمیت متعدد ریاستوں میں گائے کو ذبح کرنا قابل سزا جرم ہے۔

بھارت میں گائے کے مبینہ ذبح اور اس کا گوشت کھانے پر متعدد افراد بالخصوص مسلمانوں اور دَلتوں کو قتل کیا جاچکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024