• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

‘امریکا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے دستبردار‘

شائع June 20, 2018

امریکا نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے ارکان پر ’منافق‘ اور اسرائیل مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کونسل کی رکنیت چھوڑ دی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اقوام متحدہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے کونسل پر اسرائیل سے جانبدار رویہ اختیار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے رکنیت سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

سی این این کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلے نے سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق منافقانہ ہے اورانسانی حقوق کا مذاق بنارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یروشلم معاملہ:اقوام متحدہ میں امریکی فیصلے کےخلاف قرارداد منظور

اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق 2006 میں قائم کی گئی تھی، جن ممالک کے انسانی حقوق سے متعلق ریکارڈ اچھے نہیں انہیں رکن بنانے پر کونسل کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔

نکی ہیلے کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں انسانی حقوق کی پامالی کرنے والے ممالک شامل ہیں، کونسل ان ممالک کی محافظ بن چکی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نیکی ہیلے متعدد مرتبہ اقوام متحد کی کونسل برائے انسانی حقوق سے دستبرداری کی دھمکی دے چکی تھیں۔

دوسری جانب ہیومن رائٹس واچ نے کڑی تنقید کی ہے کہ امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق سے دستبرداری کی صورت میں دیگر ممالک پر دباؤ بڑھ جائے گا جبکہ دنیا میں سنگین نوعیت کے انسانی بحران جنم لے چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکی رکاوٹ نظرانداز، اقوام متحدہ کااسرائیلی مظالم پررپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے امریکی ارادہ ظاہر ہونے کے بعد امید ظاہر کی کہ امریکا کونسل کا ممبر رہے۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر رید رعد الحسن نے امریکی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ‘متوقع’ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا، اسرائیل کے دباؤ پر اقوام متحدہ ‘بلیک لسٹ’ شائع نہ کرسکا

علاوہ ازیں خیال رہے کہ ماضی میں بھی امریکا اور اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے درمیان تعلقات میں کشیدگی رہی ہے، بش انتظامیہ نے 2006 میں کونسل کے قیام پر اس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا تھا۔

اس وقت اقوام متحدہ میں امریکا کے مستقل مندوب جان بولٹن تھے جو اس وقت امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نیشنل سیکیورٹی کے مشیر بھی ہیں۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024